ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

فلم انڈسٹری کبھی ختم نہیں ہو سکتی: سید نور

فلم انڈسٹری کبھی ختم نہیں ہو سکتی: سید نور
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ملتان روڈ (زین مدنی ) نامور ہدایتکار سید نور نے کہا ہے کہ پاکستان فلم انڈسٹری کبھی ختم نہیں ہو سکتی، ہم بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں، مجھ سمیت فلم انڈسٹری کے لوگ سنجیدگی سے اس کی بحالی کیلئے کوشش کررہے ہیں، جو لوگ ہماری مخالفت کررہے ہیں ان کو مایوسی ہوگی۔

 ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہم فلم انڈسٹری کی بقا کی جنگ لڑرہے ہیں اور اس میں ضرور کامیاب ہوں گے، پاکستانی کی اچھی اور معیاری فلم بھی کامیابی کے باوجود سینما سے اتاردی جاتی ہیں، پاکستانی فلموں میں سرمایہ کاری اس لیے نہیں ہورہی کہ انہیں مالی طور سے نقصان ہورہا ہے۔

 اگر پاکستانی فلمیں سینما پر چلیں گی تو وہ ضرور بزنس کریں گی اور فلموں میں لوگ سرمایہ کاری کریں گے ہم مایوس نہیں ہیں، کورونا وائرس کی وجہ سے ا ب پوری سینما انڈسٹری بند ہے حکومت کو چاہیے کہ اس سے جڑے افراد کے بارے میں بھی سوچیں اور ایس او پیز بنا کر سینما گھر کھول دیں۔

دوسری جانب پنجاب فلم سنسر بورڈ کے چیئرمین عدیل ہاشمی نے فلم بورڈ کی نئی باڈی کیلئے سمری تیار کرلی، منظوری کیلئے جلد وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوائی جائے گی، پنجاب فلم سنسر بورڈ دس ارکان پر مشتمل ہوگا جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات کو شامل کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد پنجاب فلم سنسر بورڈ مکمل فعال ادارہ بن جائے گا۔

دوسری جانب لاک ڈاؤن کے باعث شہر لاہور کے تیس سے زائد سینما گھروں کے ملازمین بے روزگار ہیں اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔ سینما بند ہونے سے نہ تو انہیں تنخواہوں کی ادائیگی ہوئی ہے اور نہ ہی انہیں کسی نے پوچھا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ بڑے بڑے شاپنگ مالز میں قائم سینما گھروں میں قریبا دو سو سے زائد سینما ملازمین ٹیکنیشنز سمیت دیگر عملہ تھا جو اب بے روزگار ہے۔

Shazia Bashir

Content Writer