ویمنز ایشیا کپ؛ سری لنکا نے پاکستان کو شکست دے کر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا

26 Jul, 2024 | 10:32 PM

ویب ڈیسک : ویمنز ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی 2024 کے دوسرے سیمی فائنل میں سری لنکا ویمنز نے پاکستان ویمنز کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا۔

اے سی سی کے زیر اہتمام سری لنکا میں جاری ویمنز اییشیا کپ ٹی 20 کے دوسرے سیمی فائنل میچ میں پاکستان اور سری لنکا کی ویمنز ٹیمیں مدِ مقابل ہوئیں، دمبولا انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہونے والے اس مقابلے میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان ویمنز کو بیٹنگ کی دعوت دی، پاکستان ویمزن نے 141 رنز کا ہدف دیا جس کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا ویمنز نے ایک گیند پہلے عبور کر لیا۔

 پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان ویمنز نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے، پاکستان کی جانب سے منیبہ علی نے 37، گل فیروزہ نے 25 اور کپتان ندا ڈار نے 23 رنز سکور کیے جبکہ سری لنکا کی جانب سے اوڈیشکا پرابودھانی اور کاویشہ دلہاری نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

 پاکستان کی جانب سے دیئے گئے 141 رنز کے ہدف کو سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7 وکٹوں کے نقصان پر ایک گیند قبل عبور کر لیا، سری لنکا کی جانب سے چامیری اتاپتو نے 48 گیندوں پر 9 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 63 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں مرکزی کردار ادا کیا اور میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں، ان کے علاوہ انوشکا سنجیونی نے ناقابلِ شکست 24 اور کاویشہ دلہاری نے 17 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہیں، پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال نے نپی تلی گیند بازی کرتے ہوئے مقررہ 4 اوورز میں 16 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا ان کے علاوہ کپتان ندا ڈار اور اومائمہ سہیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

 واضح رہے کہ ویمنز ایشیا کپ ٹی 20 کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے یک طرفہ مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو 10 وکٹوں سے شکست دی، اب فائنل میں 28 جولائی بروز اتوار کو بھارت اور سری لنکا کی ٹیمیں مدِمقابل ہوں گیں۔

 خیال رہے کہ پاکستان ویمنز کو گزشتہ ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں بھی سری لنکا  کے خلاف سیمی فائنل میں صرف ایک رن سے شکست ہوئی تھی اور اس بار پھر سے سری لنکا کے ہاتھوں ایک رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

مزیدخبریں