راو دلشاد:کاشتکارو ں کے لئے بڑی خوشخبری آ گئی ۔ کسانوں کو بجلی کے بھاری بلوں اور ڈیزل کے اخراجات سے نجات دلانے کے عزم کو عملی جامہ پہناتے ہوئے وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے زرعی ٹیوب ویل سولررائزیشن پراجیکٹ کی منظوری دے دی
وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں زرعی ٹیوب ویل کی سولر رائزیشن پر بریفنگ کے دوران بتایا گیاکہ 25 ایکڑ اراضی کے مالک کاشتکار زرعی ٹیوب ویل سولر رائزیشن پراجیکٹ کے اہل ہوں گے -سولررائزیشن پراجیکٹ کے لئے کاشتکار کو صرف 33فیصدادائیگی کرنا ہو گی-
زرعی ٹیوب ویل سولر رائزیشن پراجیکٹ کی67فیصد ادائیگی حکومت کرے گی -پہلے مرحلے میں 7ہزار ٹیوب ویل سولر انرجی پر منتقل کئے جائیں گے -
وفاقی حکومت کے اشتراک سے دوسرے مرحلے میں مزید 10ہزار ٹیوب ویل سولر انرجی پر منتقل ہوں گے-ڈیزل سے ٹیوب ویل چلانے پر فی ایکڑ اخراجات 3ہزار، بجلی سے 1500روپے خرچ ہوتے ہیں -سولر انرجی سے ایک ایکڑ کی آبپاشی پر صرف 50روپے خرچ ہوں گے-وزیراعلی مریم نوازشریف نے ویجیٹبل فارمرزکے لئے بھی خصوصی پیکیج تیار کرنے کی ہدایت کی-
وزیراعلی مریم نوازشریف نے ٹماٹر،پیازسمیت دیگر ضروری سبزیوں کی سپلائی مینجمنٹ کا پائیدار سسٹم وضع کرنے کاحکم دیا اور کہاکہ کسانوں کا مہنگی بجلی کا مسئلہ حل کریں گے، سولر پینل دیں گے۔ ڈیزل اورمہنگی بجلی سے چھٹکارا ملنے پر فصل کی لاگت میں کمی آئے گی۔ کسان خوشحال ہوگا تو پنجاب خوشحال ہوگا۔
سینیٹر پرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، صوبائی وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی، چیف سیکرٹری، سیکرٹری زراعت اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔