طیب سیف : انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل اسلام آباد نے کارروائی کرتے ہوئے ویزا فراڈ اور انسانی سمگلنگ میں ملوث ایجنٹ گرفتار کرلیا ۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم جبران کو اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا، ملزم نے شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورے ، ملزم نے 8 شہریوں سے جنوبی کوریا بھجوانے کے نام پر 60 لاکھ روپے سے زائد ہتھیائے، ملزم شہریوں کو جنوبی کوریا بھجوانے میں ناکام رہا ، ملزم شہریوں سے رقم وصول کرنے کے بعد روپوش ہو گیا تھا ۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ چھاپے کے دوران ملزم سے 11 پاسپورٹس اور دیگر سفری دستاویزات برآمد ہوئیں، ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔