عرفان ملک : انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل لاہور نےکارروائی کرتے ہوئے انسانی سمگلنگ میں ملوث ملزم کو گرفتار کرلیا ۔
انسدادِ انسانی سمگلنگ سرکل لاہور کی جانب سے ویزہ فراڈ اور انسانی سمگلنگ میں ملوث گروہ کے دفتر پر چھاپہ مارا گیا، چھاپہ مار کارروائی نسبت روڈ لاہور میں واقع ٹریول ایجنسی کے دفتر پر کی گئی ، جس میں ملزم ارسل ندیم کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم ویزہ فراڈ اور انسانی سمگلنگ میں ملوث پایا گیا ۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق چھاپہ مار کارروائی میں ملزم سے وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ لاہور کی جعلی اسٹیمپس برآمد کرلی گئیں، اس کے علاوہ ملزم سے پروٹوکول آفیسر لاہور اور رجسٹرار آف فرم کی جعلی اسٹیمپس، بھارتی پاسپورٹ جاری کرنے میں استعمال ہونے ہاٹ فوائل اسٹیمپ بھی برآمد ہوئی۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔