عرفان ملک : وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق لاہورانویسٹی گیشن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لاہور میں معصوم بچوں کو اغواء کے بعد بدفعلی کا نشانہ بنانے والے گینگ کو گرفتار کرلیا ۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور ڈاکٹر انوش مسعود چوہدری نے بچوں کے اغواء کا نوٹس لیا تھا۔ جس کے بعد مختلف شہروں میں درج مقدمات کے اغواہونے والے 5بچوں کو پولیس نے بازیاب کروا کر 2ملزم گرفتار کر لیے۔
ڈاکٹر انوش مسعود چوہدری نے مختلف پولیس ٹیمز کو بچوں کی بحفاظت بازیابی کا ٹاسک دیا تھا۔ بازیاب ہونیوالے کمسن بچوں میں محمد فہد، ذوہیب، عبد الوحید، امتیاز اور عبد الوہاب شامل ہیں۔
پولیس ٹیم نے بچوں کو بازیاب کروا کر ملزم عمر رضوان اور محمد نوید کو گرفتار کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان بچوں کو ورغلا پھسلا کر نجی سوسائٹی کے مکان میں لے جاتے اور بدفعلی کا نشانہ بناتے تھے۔ بچوں کو ہیومن انٹیلی جنس سمیت جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے بازیاب کروا کر ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ مغوی بچوں کے ورثاء نے لاہور سمیت مختلف شہروں میں اغواء کے مقدمات درج کروا رکھے تھے۔
بچوں کی بحفاظت بازیابی پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے پولیس ٹیم میں تعریفی اسناد تقسیم کیں ۔