ویب ڈیسک:پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے اپنے گھر پہلے بچے کی ولادت کی جھوٹی خبروں پر سخت ردعمل دیا ہے۔
دو روز قبل سوشل میڈیا پر افواہ سامنے آئی جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ حارث رؤف اور مزنا مسعود کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش ہوئی ہے،یہاں تک کہ صارفین نے ایک نومولود بچے کی تصویر کو حارث رؤف کا بیٹا قرار دے دیا تھا جس کی اب کرکٹر نے سختی سے تردید کی ہے،اس تصویر کو ایکس صارف احتشام صدیق سمیت متعدد سوشل میڈیا صارفین اور کچھ پیجز نے شیئر کیا تھا۔
25 جولائی کی شب حارث رؤف نے انسٹاگرام پر خصوصی اسٹوری شیئر کی جس میں انہوں نے لکھا ’میرے بچے سے متعلق پیدائش کی خبریں جھوٹی ہیں، برائے مہربانی جھوٹی خبریں پھیلانے اور ان پر یقین کرنے سے گریز کریں‘۔
کرکٹر نے مزید لکھا ’میری ذاتی زندگی سے متعلق کوئی بھی معلومات جو کسی غیر مصدقہ سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر نظر آئے، وہ افواہ کے سوا کچھ نہیں ہوگی‘۔
واضح رہے کہ حارث رؤف کا اپنی دیرینہ دوست مزنا مسعود ملک سے دسمبر 2022 میں نکاح ہوا تھا جب کہ دونوں کی شادی کی تقریبات جولائی 2023 میں ہوئیں۔