مائدہ وحید: شہر لاہور میں گزشتہ رات ہونے والی بارش سے گرمی اور حبس میں کمی آگئی جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں کےد وران شہر کے مختلف علاقوں میں تیزہواؤں اور گرج چمک کے بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر لاہو رکا موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 81فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہر میں فضائی آلودگی میں کمی سے لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں 5ویں نمبر پر آگیا ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس 122ریکارڈ کی گئی ہے، ڈی ایچ اے 174،انجینئرنگ سروس میں شرح 153ریکارڈ، ایل اے ایس 127 جبکہ ٹھوکر نیاز بیگ میں آلودگی کی شرح 124ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں گرمی اور حبس کی شدت برقرار رہے گی تاہم اسلام آباد، دیر، سوات، کوہستان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، بونیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ رپورٹ کے مطابق پشاور، مردان، صوابی، مالاکنڈ، باجوڑ، خیبر،کرم ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، سیالکوٹ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، قصوراوراوکاڑہ میں بھی تیز ہواؤں،جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شام یا رات کے دوران شیخوپورہ، ساہیوال، سرگودھا، خوشاب، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، نورپورتھل، میانوالی، بھکر، لیہ، ڈیرہ غازی خان اور بہاولنگر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کے لیے مراسلہ جاری کردیا گیا ہے،ڈی جی پی ڈی ایم اے نے تیزبارشوں اور ہواؤں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے ، چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے اور برساتی نالوں کی نگرانی کی ہدایت دیدی۔ مراسلے کے مطابق صوبے کے بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے ،تیز بارشوں کے باعث چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔ مراسلے میں طوفان کی صورت میں عوام بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سایئن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہے، جبکہ حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے اور احتیاتی تدابیر کی ہدایت دی گئی ہیں۔