مزید بارشوں کی پیشگوئی، این ڈی ایم اے نے خبردار کردیا

26 Jul, 2023 | 11:01 PM

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات کی جانب سے 26 جولائی سے یکم اگست تک پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے شمالی علاقوں میں مزید تیز بارشوں کی پیشگوئی کر دی گئی۔

 چیئرمین این ڈی ایم اے کی زیر صدارت موجودہ بارشوں کی صورتحال پر نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا،  اجلاس میں محکمہ موسمیات، فیڈرل فلڈ کمیشن، پی ڈی ایم ایز اور دیگر محکموں نے شرکت کی۔

اجلاس میں حالیہ بارشوں سے پیدا صورتحال، ریسکیو اور ریلیف آپریشن پر بریفنگ دی گئی،صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کی جانب سے حالیہ بارشوں کے بعد امداد و بحالی کے اقدامات کے بارے میں آگاہی دی گئی۔ اجلاس میں شرکا کو بتایا گیا کہ تربیلا ڈیم 81 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 77 فیصد تک بھر چکے ہیں۔

اجلاس میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے شاہدرہ پل کے قریب واقع دریائے راوی کی آبی گزرگاہ اور منگلا ڈیم کے بہاؤکے راستے میں موجود تجاوزات کو ہٹانے کی تجویز دی گئی۔

 قائم مقام چیئرمین نے متعلقہ محکموں کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کی ہدایت کی، انہوں نے مون سون کے ممکنہ خطرات کے بارے میں عوام الناس کو آگاہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

مزیدخبریں