ویب ڈیسک : نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں فلاح عامہ کے منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت دی گئی جبکہ شہر میں نکاسی آب کے مسائل کے حل کیلئے پلان طلب کر لیا۔
اجلاس میں شہر کی سڑکوں پر بارش کے پانی کی فوری نکاس کیلئے ضروری اقدامات پر زور دیا گیا، جس پر وزیراعلیٰ کی جانب سے شہر میں سڑک کنارے گرین بیلٹس کا لیول سڑک کے متوازی رکھنے کی ہدایت دی گئی۔ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ بڑی شاہراہوں پر پانی کی نکاسی کے مؤثر نظام کا نہ ہونا قابل توجہ ہے۔ مال روڈ،مین بلیوارڈ ودیگر بڑی شاہراہوں پر پانی کی نکاسی میں کوتاہی نہ کی جائے۔ محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ لاہور سمیت بڑے شہروں کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی بروقت تکمیل ناگزیر ہے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر ہاؤسنگ اظفر علی ناصر، چیف سیکرٹری، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹریز خزانہ نے شرکت کی۔ تعمیرات ومواصلات، ہاؤسنگ، کمشنر لاہور ڈویژن ودیگر نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔