ویب ڈیسک:امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ پاک امریکا منصوبوں پر اسلام آباد میں حکومت کی تبدیلی سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں ہیلتھ ڈائیلاگ کے موقع پرنجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ کے سینئر اہل کار نے کہا کہ پاکستان میں کوئی بھی حکومت کرے واشنگٹن کا تعاون جاری رہے گا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ خوش حال اور جمہوری پاکستان امریکا کے مفاد میں ہے، ہم پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں، پاکستان میں حکومت کی تبدیلیوں کا مشترکہ منصوبوں پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
انھوں نے کہا ہم پاکستان کے ساتھ متعدد شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں، پاکستان میں کوئی بھی حکومت کرے امریکا کا تعاون جاری رہے گا، ہم پاکستان وومن اکنامک کونسل کو مضبوط ہوتے دیکھنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ واشنگٹن میں پہلے پاک امریکا ہیلتھ ڈائیلاگ کا انعقاد امریکی محکمہ خارجہ میں ہوا، جس میں وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی قیادت میں پاکستانی وفد نے شرکت کی، ہیلتھ ڈائیلاگ میں فریقین نے مختلف شعبوں میں مشترکہ اہداف تک پہنچنے کے لیے ایکشن پلان تشکیل دیا۔
امریکا نے پاکستانی بچوں کے لیے کرونا ویکسین کی 16 ملین ڈوز دینے کا اعلان بھی کیا۔