ویب ڈیسک: وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا جائے گا اور آئندہ چند ہفتوں میں قیمتوں میں اضافے کے معاملے پر قابو پالیا جائے گا، اگلے ہفتے روپیہ پر دباؤ کم ہو جائے گا۔
ریڈیو پاکستان سے خصوصی گفتگو میں وزیر خزانہ نے کہا کہ بہتر فیصلہ سازی کے نتیجے میں راوں مالی سال کےلئے مقررہ کردہ معاشی اہداف حاصل کرلئے جائیں گے۔ مغرب میں بڑھتی ہوئی کساد بازاری کے پیش نظر برآمدات میں اضافہ ایک بڑا چیلنج ہوسکتا ہے اور اسی تناظر میں ہمیں اپنی برآمدت کو بڑھانے کےلئے مزید کوششیں کرنا ہوں گی، معیشت کے اہم برآمدی شعبے کو سہارا دینے کےلئے صنعتی فیڈرز پر کوئی لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی۔
وزیر خزانہ نے بعض حلقوں کی جانب سے پیدا کئے گئے اس تاثر کو مسترد کیا کہ حالیہ مہینوں میں ملک کی ترسیلات، برآمدات اور ٹیکس وصولی میں کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ مئی اور جون میں ریکارڈ ترسیلات ہوئیں جبکہ ایف بی آر نے بھی اہداف حاصل کرلئے ہیں۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حکومت نے رواں مالی سال کے دوران محصوالات میں 35 فیصد اضافے کا ہدف مقرر کیا ہے، ایف بی آر 7500 ارب روپے جمع کرے گا جبکہ 800 ارب روپے لیوی کے طور پر جمع ہوں گے۔
روپے کی قدر میں کمی کے بارے میں سوال پر وزیر خزانہ نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اگلے ہفتے روپیہ پر دباؤ کم ہو جائے گا۔ 24 اگست کو آئی ایم ایف کے بورڈ اجلاس کے بعد پاکستان کو قسط اگلے ماہ کے آخر تک ملنے کی امید ہے۔