پاکستانی عازمین کو عمرہ کی ادائیگی کیلئے کن شرائط پر عمل کرنا ہوگا؟

26 Jul, 2021 | 06:13 PM

Malik Sultan Awan

ویب ڈیسک: کورونا وبا کے باعث پاکستانی عازمین کے لیے سفر عمرہ کی پابندیاں تاحال برقرار ہیں جبکہ مملکت میں دیگر مقاصد کی غرض سے داخلے کے لیے بھی کئی مراحل سے گزرنا پڑ رہا ہے، پاکستانی مسافروں کو عمرہ، نوکری یا کاروبار کی غرض سے سعودی عرب جانے کیلئے کئی شرائط کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

کورونا وبا کے باعث پاکستان تاحال ان ممالک کی فہرست میں شامل ہے جو عمرہ کی ادائیگی کے لیے حجاز مقدس کا سفر نہیں کرسکتے۔ پاکستانیوں کو عمرہ کی اجازت صرف اس صورت میں ہوگی جب وہ سعودی حکومت کی منظور کردہ ویکسین لگوائیں اور مملکت میں داخلے سے قبل کسی اور ملک میں چودہ روزہ قرنطینہ کی شرط پوری کریں۔

دوسری جانب کورونا وبا کے دوران ملک میں فعال بتیس سعودی ویزا اپلیکیشن سینٹرز میں سے ستائیس سینٹرز بند کر دیے گئے ہیں، جس کے باعث عمرہ پابندیوں کے خاتمے کے بعد بھی زائرین عمرہ کی مشکلات میں کمی ہوتی نظر نہیں آرہی۔

کورونا وبا سے قبل پاکستان سے ہر سال بائیس لاکھ سے زائد عازمین عمرہ کی ادائیگی کے لیے حجاز مقدس کا سفر کرتے تھے جبکہ ستائیس لاکھ پاکستانی ملازمت کی غرض سے مملکت میں مقیم تھے۔

مزیدخبریں