(علی ساہی)لاہورسمیت پنجاب بھر میں ہزاروں کی تعداد میں اشتہاریوں کی گرفتاری کے لئے پولیس پریشان،لاہورپولیس کواشتہاری گرفتار کرنے پر پوائنٹس ملیں گے۔آئی جی پنجاب کے حکم پرلاہورمیں رواں ہفتے اے اور بی کیٹگری کے اشتہاریوں کوگرفتارکرنے پرپوائنٹس اورخصوصی انعامات دئیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اے ،بی کیٹیگری کے اشتہاریوں کی عدم گرفتاری پر پولیس پریشان ہے،اشتہاریوں کی گرفتاری کے لئے نیا حربہ آزمانے کا فیصلہ کر لیا گیا،بڑے اشتہاریوں کوپکڑنے کی خصوصی مہم پرضلعی افسران متحرک ہو گئے۔
اشتہاری پکڑنےاور زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے پر نقد انعام اورتعریفی اسناد ملیں گی۔24 سے31جولائی تک مہم کےحوالے سےمراسلہ جاری کردیا گیا،سی سی پی او نے اشتہاری پکڑنے پر پوائنٹس دینے کاحکم دیدیا۔قتل،اغوا برائے تاوان،ڈکیتی کا ملزم پکڑنے پر5 پوائنٹس ملیں گے،ڈکیتی، زیادتی کا ملزم پکڑنے پر3 پوائنٹس ملیں گے،اقدام قتل،مالی معاملات، چوری کا اشتہاری پکڑنے پر1 پوائنٹ ملے گا۔فارمولے کے تحت افسران و اہلکاروں کو پوائنٹس دئیے جائیں ۔ مراسلے کے مطابق اشتہاری پکڑو مہم میں آپریشن ونگ ، انویسٹی گیشن ونگ ، سی آئی اے ،اے وی ایل ایس، ڈولفن اور موبائلز سکواڈ کامقابلہ ہوگا۔