(عابد چودھری) تھانہ وحدت کالونی میں شہری پر تشدد کا دلخراش واقعہ، ایس ایچ او ملک شہباز، سب انسپکٹر نیاز سمیت 7 اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ایس ایچ او ملک شہباز نے چند روز قبل شہری سبحان کو اس کے گھر کی دہلیز سے حراست میں لے کر تھانہ وحدت کالونی منتقل کر دیا تھا جہاں شہری سبحان کو تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا ، تھانہ وحدت کالونی کا سب انسپکٹر نیاز ،وقاص نامی نوجوان کیساتھ ملکر سبحان کے نازک اعضا میں محلول ڈالتے رہے،واقعہ پر ایس ایچ او ملک شہباز، سب انسپکٹر نیاز سمیت 7 اہلکاروں کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
مدعی مقدمہ سبحان کا کہنا ہےکہ انسپکٹر ملک شہباز نے مخالفین کے کہنے پر حراست میں لیا اور تشدد کا نشانہ بنایا، انسپکٹر ملک شہباز تھانہ ملت پارک میں ایس ایچ او تعینات ہیں،مقدمہ درج ہونے کے باوجود ملک شہبازسب انسپکٹر نیاز کیخلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق ملک شہباز کو چند روز قبل وحدت کالونی سے معطل کیا گیا تھا جسے تگڑی سفارش پر ایس ایچ او ملت پارک تعینات کر دیا گیا۔
لاہور میں پولیس گردی کا یہ واقعہ نیا نہیں ہے، اس سے قبل بھی اس قسم کے واقعات ریکارڈ پر ہیں، رواں برس ماہ مئی میں شالامار کے قریب پولیس اہلکاروں نے شہری پر مبینہ تشدد کیا تھا،گزشتہ برس شمالی چھاؤنی انویسٹی گیشن پولیس کے بہیمانہ تشدد سے نوجوان جاں بحق ہوگیا تھا، گلبرگ کے علاقے میں رشوت لینے کی ویڈیو بنانے پر پولیس اہلکار نے شہری کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔
لاہور پولیس نے اپنے پیٹی بھائیوں کو بھی نہیں بخشا، نابینا افراد کے مظاہرے کی فوٹیج بنانے پر لاہور پولیس نے اپنے ہی پیٹی بھائیوں پر سرعام تشدد کیا تھا۔