عیدالاضحیٰ،بیوپاریوں اور خریداروں کیلئے بڑی خوشخبری

26 Jul, 2020 | 12:17 PM

M .SAJID .KHAN

(عثمان علیم)عیدالاضحیٰ کی آمد آمد ہے اور مویشی منڈیوں میں خریداروں اور بیوپاریوں کے درمیان دلچسپ مکالمے بھی ہوتے نظر آرہے ہیں،دوسری جانب وقت کی پابندی کا خیال بھی ملحوظ خاطر رکھنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے خریدار اور بیوپاری پریشان تھے،بڑھتی ہوئی پریشانی کے ازالہ کے لئےمویشی منڈیوں کے اوقات کار تبدیل کردیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں عیدالاضحیٰ کے حوالے سے مویشی منڈیاں سج چکی ہیں، کورونا ایس اوپیز پر عملدرآمد کرتے احتیاط اور وقت کا خیال کیا جارہا ہے مگر کچھ علاقوں میں اس کی خلاف ورزی بھی ہورہی ہے،شہر کے مخصوص علاقوں میں لگائی گئی منڈیوں میں رش لگ چکا ہے اور دن بھی کم اور قربانی کے لئے جانور بھی خریدنا ہے،بیوپاری بھی منہ مانگے دام مانگے رہے ہیں جس کی وجہ سے خریدار پریشانی کا شکار ہیں۔

دوسری جانب  اس با ر کورونا وائرس کی وجہ سےشہر میں کسی بھی جگہ مویشی منڈیاں نہیں لگائیں گئیں بلکہ شہر سے باہر انتظامات کئے گئے علاوہ ازیں قربانی کے جانوروں کی خریداری کے اوقات کار بھی مقررکئے ہیں،حکومت نےبیوپاریوں اور خریداروں کی سہولت کی خاطر مویشی منڈیوں کے اوقات کار تبدیل کردیے، شہریوں  اور بیوپاریوں کی سہولت کے پیش نظر وقت شام سات سے بڑھا کر رات دس بجے تک کر دیا گیا۔

ذرائع کا کہناتھا کہ شکایات پر مویشی منڈیوں کے اوقات کارمیں تبدیلی کی گئی،چیف سیکرٹری نے اوقات کار کا اختیار ڈپٹی کمشنرز کے سپرد کیا،منڈیوں کے اوقات کار میں تبدیلی کے لئے سفارشات کی ہدایت کردی گئی، ڈی سی کا کہناتھا کہ منڈیوں کے اوقات کار بڑھانے کی تجویز زیر غور ہے اور جلد ہی اچھی خبر عوام کو سننے کے لئے ملے گی۔

واضح رہے کہ ایوان وزیر اعلیٰ میں وفاقی وزیر اسد عمر کی سربراہی میں این سی او سی کا اجلاس ہوا تھا جس میں مویشی منڈیوں کے اوقات کار صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا،  اجلاس میں طے کیا گیا کہ عید الالضحی پر ملک میں 700 مویشی منڈیاں لگائی جائیں گی، کوئی بھی مویشی منڈی شہر کے اندر نہیں لگائی جائے گی۔ مویشی منڈی کے داخلی راستوں پر شہریوں کی سکرننگ کی جائے گی، فیس ماسک کے استعمال اور سماجی فاصلے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

مزیدخبریں