کینال روڈ (راؤ دلشاد) بلدیہ مستحکم، پنجاب مستحکم کا نعرہ صرف زبانی جمع خرچ تک ہی محدود ہو کر رہ گیا، ای بلڈنگ پلان پراجیکٹ کے تحت موصول ہونیوالی درخواستیں بھی مصلحت کا شکار ہوگئیں۔
ڈویلپمنٹ اتھارٹیز، میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کو 593 بلڈنگ پلانز کی درخواستیں موصول ہوئیں جبکہ صرف 45 کی منظوری دی جاسکی، پنجاب حکومت کا ای بلڈنگ پلان ون ونڈو آپریشن کی پہلے ایک ماہ کی رپورٹ نے کارکردگی کی قلعی کھول دی، ای خدمت مراکز نے ایک ماہ میں موصول ہونیوالے بلڈنگ پلانز کی رپورٹ جاری کردی۔
ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو ایک ماہ میں 201 بلڈنگ پلانز موصول لیکن ایک بھی بلڈنگ پلان منظور نہ ہوسکا، میٹروپولیٹن کارپوریشن کو 391 رہائشی و کمرشل بلڈنگ پلانز موصول ہوئے جبکہ صرف 45 بلڈنگ پلانز کی منظوری ہوسکی پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ کو صرف ایک اراضی کے استعمال کو تبدیل کرنے کی ایک درخواست آئی جو التواء کا شکار ہے۔
ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو کمپلیشن سرٹیفکیٹس کی 40 درخواستیں رہائشی بلڈنگ پلان 35، پرائیویٹ رہائشی اسکیم کی منظوری کی 114، ریزیڈنشل اپارٹمنٹس ہاؤسنگ اسکیم 6، کمرشل اپارٹمنٹس ہاؤسنگ کی 2، سوک سینٹر پلاٹ کی ایک درخواست موصول ہوئیں لیکن ایک بھی پلان کی منظوری نہ ہوسکی۔
ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو اراضی تبدیلی کی ایک درخواست موصول ہوئی جو تاحال التواء کا شکار ہے، میٹرو پولیٹن کارپوریشن کو رہائشی بلڈنگ پلانز کی 320 درخواستیں موصول ہوئی جبکہ 44 بلڈنگ پلانز کی منظوری دی گئی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کو کمرشل بلڈنگ پلانز کی 48 درخواستیں موصول ہوئیں جبکہ صرف ایک کمرشل بلڈنگ پلان کو منظور کیا گیا، فارم ہاؤسز کی تین درخواستیں موصول ہوئیں جو التواء کا شکار ہیں میٹرو پولیٹن کارپوریشن کو اراضی کے استعمال کی تبدیلی کی 19 جبکہ اپروول آف لینڈ سب ڈویژن کی ایک درخواست موصول ہوئی جو التواء کا شکار ہے۔