حکومت فنکاروں سے فنکاری نہ کرے، عید سے پہلے تھیٹر کھولے: چودھری برادران

26 Jul, 2020 | 10:54 AM

Sughra Afzal

مال روڈ (علی اکبر) مسلم لیگ (ق ) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ حکومت فنکاروں سے محبت کرے، ان کے ساتھ فنکاری نہ کرے۔

پاکستان مسلم لیگ (ق) کے صدرچودھری شجاعت حسین اورسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے پنجاب آرٹسٹ پروڈیوسرتھیٹر ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی، چیئرمین قیصرثناء اللہ کی سربراہی میں وفد میں افتخار ٹھاکر، قیصر پیا، آصف اقبال، طاہر انجم، شاہد خان اور محمد یوسف شامل تھے، وفد نے سٹیج انڈسٹری کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔

چودھری شجاعت حسین نے پنجاب حکومت پر زور دیا کہ عید الاضحیٰ سے قبل تھیٹر کھول کر ماحول کو خوشگوار کیا جائے، فنکار برادری عوام کو موجودہ مایوسی اور ڈپریشن سے نکال سکتی ہے۔

  سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ اگرعید پر ایس او پیز پر عمل کر کے محدود پیمانے پر سٹیج ڈرامہ کیا جا سکتا ہے تو کوئی حرج نہیں۔

انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کی دوبارہ بحالی کیلئے ایس او پیز کے تحت کام کیا جانا چاہیے، اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کو فنکار برادری کے مسائل سے آگاہ کروں گا۔

قیصر ثناء اللہ اور افتخار ٹھاکر نے کہا کہ پانچ ماہ سے تھیٹربند ہے، اس شعبہ سے 8 لاکھ کے قریب افراد منسلک ہیں جو حکومتی ایس او پیز کے تحت کام کرنے کو تیار ہیں۔

دو روز قبل پنجاب بھر کے تھیٹر فنکاروں نے میٹروپول سینما میں عیدالاضحیٰ پر تھیٹرز نہ کھولنے اور حکومت کی بے رخی کے خلاف قمیضیں اتار کر منفرد انداز میں احتجاج کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ وہ شدید مالی مشکلات میں گھرے ہوئے ہیں،حکومت تھیٹر کھولنے کا فوری اعلان کرے۔

واضح رہے کہ پنجاب  میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 15 مارچ کو سامنے آیا تھا جس کے بعد اس میں بتدریج اضافہ ہوا ، 23 مارچ سے حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے  کیلئے لاہور سمیت پنجاب بھر میں نافذ لاک ڈاؤن تاحال جاری ہے،  تعلیمی ادارے ، تفریحی مقامات، تھیٹرز، سینما گھر، شادی ہالز بند ہیں۔

مزیدخبریں