(قذافی بٹ، شہزاد خان، عرفان ملک ) شاہ عالم مارکیٹ کے تاجروں سید عظمیٰ شاہ اور لالہ یاسر کی قیادت میں وفد کی گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے ملاقات، مارکیٹوں کے اوقات کار بڑھانے کی درخواست کردی۔
دوران ملاقات تاجروں نے گورنر پنجاب سے درخواست کی کہ عید قربان پرمارکیٹوں کے اوقات کارتبدیل کیے جائیں، ہفتے میں7دن کام کی اجازت دی جائے، مارکیٹیں صبح9 سے رات 12 بجے تک کھولنے کی اجازت دی جائے، مویشی منڈیوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور اہلکاروں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جائے۔
دوسر ی جانب پنجاب حکومت کی اجازت کے بغیر صدر انجمن تاجران لاہور مجاہد مقصود بٹ نے نیوعالمگیر مارکیٹ میں اپنی اور دیگر تاجران کی دکانیں کھلوا دیں تاہم شاہ عالم مارکیٹ کے زیادہ تر دکانیں بند رہیں۔
ذرائع کے مطابق انجمن تاجران کی جانب سے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ 25 جولائی سے عید تک دکانیں 24 گھنٹے کھولنے کی اجازت دی جائے، تاجران کے مطالبات کے حوالے سے پنجاب حکومت تاحال خاموش ہے اور وفاق کے فیصلے کا انتظار کیا جارہا ہے، پنجاب حکومت کی جانب سے وفاق کو 25 جولائی سے عید تک دکانیں مکمل بند رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔
انارکلی بازار میں سینکڑوں عارضی سٹالز کا بازار سج گیا، عارضی بازار میں عوام کا بے پناہ رش رہا اور شہری کورونا ایس اوپیز کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے جوتے کپڑے اور خواتین جیولری، میک اپ کا سامان اور ہینڈ بیگ سمیت دیگر سامان خریدتی رہیں مگر پولیس پنجاب حکومت کی لاک ڈاؤن پالیسی اور کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے میں سنجیدہ نظر نہ آئی۔
انجمن تاجران اشرف بھٹی، خالد پرویز اور نعیم میر گروپ سمیت دیگر تنظیموں نے بھی پنجاب حکومت اور وفاقی حکومت سے 24 گھنٹے بازار کھولنے کی اجازت دینے کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا مطالبہ کردیا۔
تاجر تنظیموں کے قائدین نے پنجاب اور وفاق سے مطالبہ کیا ہے کہ اتوار26 جولائی سے عید الاضحیٰ تک مارکیٹس وبازار اور شاپنگ سنٹر کھولنے کی اجازت دی جائے تاکہ شہری باآسانی اپنی عید کی شاپنگ مکمل کرسکیں۔
تاجر قائدین خالد پرویز، اشرف بھٹی اور نعیم میر سمیت دیگر کا کہنا ہےکہ مارکیٹس وبازار چوبیس گھنٹے کھلنے سے رش کم ہوگا اور شہری باآسانی کورونا ایس اوپیز پر عمل درآمد کرتے ہوئے شاپنگ مکمل کرسکیں گے،محدود اوقات کار سے رش بڑھے گا اور کورونا اپنے وار بھی کرے گا۔
دریں اثناء سی سی پی او نے کورونا سے متعلق حکومتی گائیڈ لائنز پر سختی سے عملدرآمد کروانے کی ہدایت کردی۔سی سی پی او نے ایس پیز کو ہدایات جاری کیں کہ حکومتی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیا جائے، ڈویژنل افسر اپنی اپنی ڈویژنز میں لاک ڈاؤن کو یقینی بنائیں۔
ذوالفقار حمید کا کہنا تھا کہ سمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 1715 مقدمات درج کروائے گئے، کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 2 ہزار 119 دکانیں سیل کی گئیں۔