اراضی مسائل کیلئے پسماندہ علاقوں میں اراضی ریکارڈ سنٹرز کی منظوری

26 Jul, 2019 | 08:19 PM

Shazia Bashir

عمران یونس: حکومت پنجاب اراضی مسائل کے حل کیلئے پسماندہ علاقوں میں اراضی ریکارڈ سنٹر آن ویل متعارف کرائے گی، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے منظوری دے دی۔

اراضی سے متعلق پٹوار سسٹم کے خاتمے کیلئے حکومت پنجاب نے لاہور میں پانچ اور صوبہ بھر میں 142 اراضی ریکارڈ سنٹر بنائے جنہوں نے صوبہ بھر کی رورل اراضی کو کمپیوٹرائز کرلیا ہے۔  تاہم اراضی سے متعلق کام کا دبائو زیادہ ہونے کے باعث یہ تعداد بھی کم پڑگئی ہے اور لائنوں میں لگنے کے باوجود شہریوں کو کئی کئی دن انتظار کرنا پڑتا ہے۔

صورتحال کے پیش نظر محکمہ ریونیو نے اراضی ریکارڈ سنٹر آن ویل کے تحت بیس موبائل وینز خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔موبائل وینز  کی سہولت وہاں فراہم کی جائے گی جہاں اراضی ریکارڈ سنٹر موجود نہیں،موبائل وین شہریوں کے اراضی سے متعلق معاملات ان کی دہلیز پرحل کریں گی۔ صوبائی وزیر مال کے مطابق منصوبہ پانچ ماہ کی مدت میں دسمبر تک مکمل کرلیا جائے گا، ان اقدامات کا مقصد کمپیوٹرائزڈ ٹیکنالوجی کے استعمال سے عام آدمی کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہے، اب کسانوں اور دیگر افراد کو معمولی کاموں کیلئے پٹواریوں اور سرکاری اہلکاروں کے دفاتر کے میں خوار نہیں ہونا پڑے گا۔  

مزیدخبریں