( عمر اسلم ) مسلم لیگ (ن) کی تنظیم سازی کے سلسلے میں ماڈل ٹاؤن میں اجلاس ، سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے 25 جولائی کو چاروں صوبوں میں یوم سیاہ منا کر ثابت کر دیا کہ چوری شدہ مینڈیٹ سے یہ حکومت آئی تھی۔
مسلم لیگ (ن) سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں تنظیم سازی کے سلسلے میں احسن اقبال کی زیرصدات اجلاس ہوا جس میں صدر مسلم لیگ (ن) لاہور پرویزملک، عطااللہ تارڑ، عظمیٰ بخاری سمیت دیگر نے شرکت کی۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کو لاہور میں عوام کے جم غفیر نے ثابت کردیا کہ گذشتہ انتخابات میں عوامی مینڈیٹ چوری کیا گیا تھا۔
احسن اقبال کہتے ہیں کہ لیگی رہنماؤں کو سیاسی انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ بے بنیاد مقدموں اور گرفتاریوں سے ہم نہیں ڈرتے۔ موجودہ حکومت عوامی مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔
سابق وزیراعظم میاں نوازشریف سے جیل میں اے سی اور ٹی وی کی سہولت واپس لینے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی تنگ نظری دیکھیں کہ وہ انہیں سہولتیں واپس لے کر سلو پوائزن کرنا چاہتے ہیں۔
احسن اقبال کہتے ہیں کہ چیئرمین سینٹ کے حوالے سے حکومت ہارس ٹریڈنگ کی کوشش کر رہی ہے، ہم اس کو ناکام بنائیں گے۔