سٹی 42 : پنجاب کی وزیرِاعلیٰ مریم نواز نے کہاہے کہ کلین اور قابل تجدید توانائی ہماری بقا اور وقت کی اہم ضرورت ہے، کلین انرجی آنے والی نسلوں کے لیے ایک روشن اور محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے ۔
وزیرِاعلیٰ مریم نواز نے کلین انرجی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہاکہ پنجاب کو فوسل فیول سے نجات دلا کر صاف اور سبز توانائی کے دور میں داخل کررہے ہیں،پنجاب میں روایتی توانائی کے انفراسٹرکچر کو تبدیل کرنے کے لیے سی ایم سولر پینل پروگرام متعارف کرایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سی ایم سولر پینل پروگرام شہریوں کے معاشی بوجھ کو کم اور انرجی سیکٹر میں انقلاب لاۓ گا، زرعی ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن کے منصوبے سے کسانوں کو صاف اور سستی توانائی فراہم کی جائے کی، ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بھی کلین انرجی متعارف کرانے کے لئے اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں ای وہیکل رجیم متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ دھوئیں اور آلودگی کا خاتمہ کیا جا سکے، طلبہ کو ای بائیکس دی ہیں جو نہ صرف ماحول دوست بلکہ ایندھن کے اخراجات کو بھی کم کرتی ہیں،پنجاب نے حال ہی میں 27 الیکٹرک بسیں حاصل کی ہیں اور مزید 500 الیکٹرک بسوں کا آرڈر دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ملک کی پہلی جامع ماحولیاتی پالیسی متعارف کروائی ہے کلین انرجی اسکا لازمی جزو ہے،بشمول وزیرِاعلیٰ آفس پنجاب کے کئی سرکاری دفاتر کو قابل تجدید توانائی پر منتقل کر دیا گیا ہے، کلین انرجی آنے والی نسلوں کے لیے ایک روشن اور محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے ۔