حاشر وڑائچ: وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق کا بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ منانے کے موقع پر خصوصی پیغام, کہا ہندوستان کی جمہوریت اور سیکولرازم دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے سب سے بڑا فراڈ ہے.
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ ہندوستان میں اقلیتوں کو مذہبی آزادی ہے نہ ہی ان کے مذہبی مقامات محفوظ ہیں ، بھارتی جمہوریت کا راگ الاپنے کا مقصد جنگی جرائم کی پردہ داری ہے۔
جمہوریت کے دعویدار ہندوستان نے گزشتہ 7 دہائیوں سے کشمیریوں کا جمہوری حق سلب کر رکھا ہے، بھارت بدترین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں ملوث ہے۔
بھارت کا یوم جمہوریہ ہمارے لیے یوم سیاہ ہے، ہندوستان کا 5اگست 2019 کا اقدام اقوام متحدہ کی قراردادوں کی سنگین خلاف ورزی ہے،بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو بری طرح پامال کیا ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کا کہنا تھا کہ وہ کشمیریوں کے جذبہ حریت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،کشمیر کسی صورت بھارت کا حصہ ہے نہ کبھی ہو سکتا ہے۔
تحریک آزادی کے لئے کشمیریوں نے اپنی تیسری نسل قربان کردی ہے،کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادو ں کے مطابق اپنا بنیادی حق حق خود ارادیت کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔