ویب ڈیسک:رواں ماہ 15 اور 16 جنوری کی درمیانی شب اپنے گھر میں گھسنے والے شخص کے ساتھ مڈبھیڑ میں زخمی ہونے کے بعد اداکار سیف علی خان اور انکی اہلیہ کرینہ کپور کیجانب سے پولیس کو دیے گئے بیان میں فرق نے شک کے سائے مزید گہرے کردیے۔
سیف علی خان نے 23 جنوری کو اپنا بیان ریکارڈ کرایا جس میں انہوں نے خود پر حملے کی رات پیش آنے والے واقعے کا تفصیل سے ذکر کیا۔
اداکار نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ وہ اور ان کی اہلیہ کرینہ کپور چیخوں کی آوازیں سُن کر اپنے بیٹے جے (جہانگیر) کے کمرے میں گئے تھے۔
جبکہ کرینہ کپور نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صرف سیف ہی جہانگیر کے کمرے میں گئے تھے، دونوں کے بیانات میں اس تضاد نے واقعے کی صداقت پر نیا سوال کھڑا کردیا ہے۔
اس سے قبل سیف علی خان کے گھر میں حملہ آور کے باآسانی داخل اور فرار ہونے کے علاوہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آنے والا شخص اور زیرحراست ملزم کی شکل و شبہات میں فرق پر بھی سوالیہ نشان کھڑے کیے جا چکے ہیں۔
یاد رہے کہ سیف علی خان ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع اپنے گھر میں 15 اور 16 جنوری کی درمیانی شب گھسنے والے ڈکیت سے جھڑپ کے نتیجے میں حملہ آور کے چاقو کے وار سے زخمی ہوگئے تھے۔