آپ شیر کو ووٹ دیں گے تو ن لیگ دن رات آپ کی خدمت کرے گی، مریم نواز

26 Jan, 2024 | 04:55 PM

ویب ڈیسک: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ پورے ملک میں اگر کوئی ایسا لیڈر ہے، جسے عوام کی فکر ہے، جسے مہنگائی کم کرنے کی فکر ہے، بجلی کے بل کم کرنے، گیس کی فراہمی، روٹی، آٹا، چینی، سڑکوں، اسپتالوں اور تعلیم کی فراہمی کی فکر ہے تو وہ نواز شریف ہے۔

 مریم نواز نے بورےوالا میں ہونے والے عوامی  جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہاں نوجوانوں کو بڑی تعداد میں دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے۔ میں سب کو سلام پیش کرتی ہوں،  بہت تکلیف ہوتی ہے جب کسی بے روزگار نوجوان کو ہاتھ اٹھاتے دیکھتے ہیں۔ نواز شریف اگر 3 سال میں 22 گھنٹے ہونے والی لوڈ شیڈنگ کو ختم کر سکتے ہیں تو اس کے پیچھے اللہ کا فضل، ان کی محنت، آپ سے محبت  کارفرما ہے۔ 2013ء ، 2017ء کے جنوبی پنجاب کا موازنہ کرلیں اور آج کی صورت حال دیکھ لیں  تو آپ کو فرق نظر آئے گا اور پتا چل جائے گا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے یہاں آپ کی خدمت کی ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ  مسلم لیگ ن کا منشور کل جاری کردیا جائے گا۔ ہمارا منشور بالکل واضح ہے۔ ہر شہر کی ترقی، ہر گاؤں کی ترقی، کسانوں کی ترقی۔ ہم اسپتال، مفت دوائیں، طبی سہولیات، تعلیم مفت اور عام، تعلیمی اداروں کا قیام، ہر ڈسٹرکٹ میں دانش اسکول بنانا، موٹر وے کا جال بچھانا، بجلی کے بلوں کو کم کرنا، گیس فراہم کرنا، روٹی اور آٹا سستی کرنا، سبزی، گوشت دالیں  سستی کرنا، یہ سب ہماری ذمے داری ہے۔ یہی ہمارا منشور ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب والوں سے کہنا چاہتی ہوں کہ مسلم لیگ ن واحد جماعت ہے جس نے حقیقی معنوں میں یہاں کی دل سے خدمت کی ہے۔ بڑے بڑے لوگ یہاں آئے اور جنوبی پنجاب کے نام پر بے وقوف بنا کر چلے گئے۔ ملتان میں میٹرو بنی، اسی طرح لاہور میں اگر پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ  بنا تو ملتان میں بھی کڈنی اسپتال بنا۔ لاہور میں چلڈرن اسپتال بنا تو پھر ملتان میں بھی اسٹیٹ آف دی آرٹ چلڈرن اسپتال بنا۔ طبی ادارے، زرعی یونیورسٹیز بنائیں اور اب نواز شریف نے اعلان کیا ہے کہ آپ لوگ مسلم لیگ ن کو منتخب کریں تو وہاڑی میں میڈیکل کالج بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ  آپ شیر کو ووٹ دیں گے تو ن لیگ کامیاب ہوکر دن رات آپ کی خدمت کرے گی۔ 8 فروری کو کوئی گھر میں نہ بیٹھے بلکہ مسلم لیگ ن کے شیر کے انتخابی نشان پر مہر لگا کر پاکستان کی ترقی میں اپنا حصہ ملائے۔ جتنی زیادہ مہریں شیر پر لگیں گی، اتنی جلدی پاکستان ترقی کرے گا، یہ میرا وعدہ ہے۔ مخالف جماعتیں پنجاب  میں آکر ووٹ مانگ رہی ہیں، لیکن انہیں  جلسہ کرنے کے لیے مشکلات کا سامنا ہے، وہ جلسوں میں ن لیگ اور نواز شریف پر تنقید کررہے ہیں اور جہاں پر بھی وہ مسلم لیگ ن پر تنقید کرتے ہیں، وہیں دائیں بائیں انہیں ن لیگ ہی کے منصوبے نظر آتے ہیں۔

مزیدخبریں