سٹی42: پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ عوام کی حکمرانی قائم کرنے میں لاہور کا تاریخی کردار ہے۔ بلاول بھٹو کا 10 نکاتی ایجنڈا ملک کی تقدیر بدل دے گا۔
صدر آصف علی زرداری سنے لاہور کی مسیحی برادری کے وفد سے بلاول ہاؤس لاہور میں ملاقات کے دوران کہا کہ مسیحی برادری کے تحفظ اور حقوق کے لیے وفاق میں مزید مؤثر قانون سازی کریں گے، پاکستان کی مسیحی برادری کے حقوق کی جنگ پیپلز پارٹی ہی لڑتے دکھائی دے گی، پاکستان کی مسیحی عوام اور پیپلز پارٹی کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔
صدر آصف زرداری نے این اے 127 کی انتخابی مہم کے حوالے سے مسیحی برادری کے زعما سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی حق حکمرانی قائم کرنے میں لاہور کی عوام کا تاریخی کردار رہا ہے، اقلیت سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے ہمیشہ جمہوریت اور وفاق پرستوں کی حمایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا 10 نکاتی ایجنڈا اس ملک کی تقدیر بدل دے گا، 8 فروری پاکستان میں عوام اور تیر کی جیت ہو گی۔