سٹی42: جمعیت اہل حدیث پاکستان کے صدرعلامہ حافظ ہشام الہٰی ظہیرنے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی پنجا ب کی سیاست میں آمد کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ ان کی پنجاب میں آمد یک جماعتی سیاست اور مافیا کی بلیک میلنگ کو ختم کرنے میں مدد گار ہو گی۔
جمعرات کے روز لاہور میں بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات میں علامہ ہشام الہٰی ظہیر اور انکے وفد کے ارکان نے کہا کہ ہم ملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کے محافظ ہیں۔ اس حوالے سے اپنے کردار کو ادا کرتے رہیں گے۔
بلاول بھٹو نے اپنی رہائش گاہ پر جمعیت اہلحدیث کے رہنماؤں کا پرتپاک استقبال کیا اور ملک اور عوام کی بہتری کے لئے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
جمعیت اہل حدیث کے وفد میں مولانا ارشد بیگم کو ٹی، مولانا حافظ ذاکر الرحمن صدیقی، مولانا عتیق الرحمن اظہر،حاجی ریاض احمد،قاری شفیق الرحمن ربانی، حافظ عبید الرحمن، ایم فہد سعید بیگ کے علاوہ دیگر زعما شامل تھے۔
بلاول بھٹو زرداری نے شہیدِ عالمِ اسلام علامہ احسان الہٰی ظہیر کی جدو جہد کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے ضیا الحق اور انکے روحانی جانشینوں کو اپنا اور علامہ شہید ؒ اور جمعیت اہل حدیث کے مشترکہ دشمن قرار دیا۔
دونوں راہنماؤں نے ملکی اور غیر ملکی سطح پر ورکنگ ریلنشنز شپ بڑھانے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
علامہ ہشام الہٰی ظہیر نے کہا باقی معاملات جما عت کی شوری عاملہ اور کابینہ طے کرے گی کہ اسکو عملی شکل کیسے دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم بلاول بھٹو سے اُمید رکھتے ہیں کہ وہ پنجاب میں بالخصوص اور پاکستان بھر میں اہل حدیث و اہل سنت کی مساجد و مدارس کو کھلوانے کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے۔مظلوم اہل حدیث کی حمایت اور بالخصوص اہل حدیث علماء، خطباء پر ناجائز جعلی مقدمات کو رکوانے اور ختم کروانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
علامہ ہشام الہٰی ظہیر اور بلا ول بھٹو نے مستقبل میں بھی مزید ملا قاتیں جا ری رکھنے پر اتفاق کیا۔