ریلیز سے 2 دن قبل حکومت نے جاوید اقبال فلم کی نمائش کیوں روک دی؟

26 Jan, 2022 | 06:12 PM

Malik Sultan Awan

ویب ڈیسک: محکمہ اطلاعات و ثقافت پنجاب نے لالی وڈ فلم جاوید اقبال ان ٹولڈ سٹوری آف اے سیریل کلر کی نمائش روک دی.

 تفصیلات کے مطابق لالی وڈ فلم جاوید اقبال ان ٹولڈ سٹوری آف اے سیریل کلر اٹھائیس جنوری کو ریلیز کی جانی تھی،  فلم کو تمام سنسر بورڈز نے پاس کردیا لیکن فلم کی کہانی پر مختلف شکایات ملنے پر نمائش روکی گئی۔ اب  فلم کو دوبارہ سے دیکھا جائے گا اور فل بورڈ فلم کی ریلیز کا فیصلہ کرے گی۔ فلم کی کاسٹ میں اداکار یاسر حسین، عائشہ عمر سمیت دیگر شامل ہیں۔

فلم کی کہانی پاکستان کے بدنام زمانہ سیریل کلر جاوید اقبال کے گرد گھومتی ہے جس نے 1998 سے 1999 کے دوران لاہور میں 100 سے زائد بچوں کو نہ صرف جنسی طور پر ہراساں کیا تھا بلکہ انہیں قتل کرکے بچوں کی لاشوں کے ٹکڑوں کو تیزاب میں گلا کر دریا برد کردیا تھا.

جاوید اقبال نے 30 دسمبر 1999 کو ایک اردو روزنامہ کے دفتر میں جا کر100 لڑکوں کو قتل کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے ہتھیار ڈال دیئے تھے، اس نے اپنے گھناؤنے جرائم کی تفصیلات حکام کو ثبوتوں سمیت پیش کیں جن میں متاثرین کی تصاویر بھی شامل تھیں، تلاشی لینے پراس کے گھر سے بچوں کے کپڑے اور جوتے برآمد ہوئے جبکہ معصوم بچوں کی لاش کو وہ تیزاب کے ڈرم میں ٹھکانے لگاتا تھا، جاوید اقبال اکتوبر 2001 میں جیل میں مردہ پایا گیا تھا.

مزیدخبریں