قذافی بٹ: معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں اراکین اسمبلی کو نہیں بلکہ مسلم لیگ کے بیانیہ کو گھر بھیجنا چاہتے ہیں، اگر اپوزیشن گھر چلی گئی تو کھیل کا حسن ختم ہو جائے گا۔
ڈی جی پی آر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف جیل میں حب الوطنی کے جذبہ کے تحت نہیں گئے بلکہ ان پر کرپشن کے الزامات ہیں، اگر چین کو رول ماڈل کے طور پر رکھا جائے تو وہاں کرپشن پر پھانسی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہے سینیٹ انتخابات میں وہ بکرا منڈی نہ لگے جو ہمیشہ لگتی ہے۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی پتلی حالت دیکھ کر اندازہ لگایا جا سکتا ہے اگر انکی وکٹیں گرانے کا سلسلہ یونہی جاری رہا تو پی ٹی آئی بھاری مارجن سے میچ جیتے گی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پی ٹی آئی میں ہمارے بھائیوں کے جو تحفظات اور گلے شکوے ہیں وہ دور کریں گے۔
صوبائی وزیر لائیو سٹاک سردار حسنین بہادر دریشک نے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک کی پہلے کوئی پالیسی نہیں تھی اب محکمہ کی پالیسی پر کام کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ منہ کھر کی بیماری کی وجہ سے دیگر ممالک پاکستان سے گوشت نہیں خریدتے، چین کے ساتھ مل کر صوبہ بھر میں کارپوریٹ ویکسین کیلئے کام کر رہے ہیں۔