علی ساہی: رجسٹریشن کارڈ کےاجراء میں التواء کا معاملہ، محکمہ ایکسائز نے پرائیویٹ کمپنی کیساتھ معاہدہ ختم کرنے پر غورشروع کردیا، ڈی جی ایکسائز نے نادرا کیساتھ معاہدہ کرنے کی تجویز سیکرٹری ایکسائز کو بھجوادی، 4 لاکھ 60 ہزار سے زائد رجسٹریشن کارڈز التواء میں ہیں۔
گزشتہ ماہ میٹریل ختم ہونے کی وجہ سے سمارٹ کارڈز کی تیاری وڈلیوری مزید سنگین ہوگئی، جس کے پیش نظر ڈی جی ایکسائز صالحہ سعید نے انباکس کمپنی سے کنٹریکٹ ختم کرکے نادرا سے شروع کرنے کیلئے سمری سیکرٹری ایکسائز کو بھجوا دی ہے جبکہ مئی 2018 میں پرائیویٹ کمپنی کیساتھ 5 سال کا معاہدہ کیا گیا تھا۔ سمری کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر 4 لاکھ 60 ہزار سے زائد کارڈ زیرالتوا ہیں جبکہ روزانہ کی بنیاد پر مزید ہزاروں گاڑیاں رجسٹرڈ ہونے پر زیرالتوا کارڈز کی تعداد ہزاروں میں بڑھ رہی ہے۔
انباکس کمپنی نے سالانہ 20 لاکھ رجسٹریشن کارڈز فراہم کرنے کا معاہدہ کیا تھا۔ متعلقہ کمپنی شہریوں کو 15 لاکھ رجسٹریشن کارڈز فراہم کرسکی۔ 2018 سے اب تک سمارٹ کی تیاری اور فراہمی بہتر نہیں ہوسکی۔ چیئرمین نادرا سے سمارٹ کارڈز کی تیاری کے حوالے سے ملاقات بھی کی گئی ہے۔ چیئرمین نادرا نے کارڈز کی فراہمی اور زیر التواء کارڈز کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی ہے۔
نادرا چپ والا اور سکیورٹی فیچر رکھنے والے کارڈز فراہم کرسکتا ہے۔ متعلقہ کمپنی کو بروقت کارڈز کی فراہمی نہ کرنے پر 2 فیصد پینلٹی کانوٹس بھی بھجوایا گیاہے۔ نادرا کیساتھ معاہدے کیلئے حتمی منظوری سیکرٹری ایکسائز دیں گے۔ ان باکس کمپنی 530 میں ایک کارڈ فراہم کررہی ہے جبکہ نادراکی جانب سے فراہم کردہ کارڈ کی قیمت ایک ہزار سے زیادہ ہے۔