(قذافی بٹ)وزیراعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کو بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کردی جبکہ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کو بھی مکمل اختیار وزیراعلی قرار دے دیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے پنجاب حکومت کو جلد ویلیج کونسل کی سطح پر بلدیاتی انتخابات کا ٹاسک دے دیا۔ اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ولیج کونسل کے انتخاب کی تیاری کرکے الیکشن کا اعلان کیا جائے کیونکہ نچلی سطح پر انتخاب ہی عوامی مسائل کا حل ہے ۔ وزیراعظم نے وزیراعلی پنجاب کو بھی بااختیار وزیراعلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک منفی پراپیگنڈہ ہے کہ عثمان بزدار کے پاس اختیار نہیں۔
چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب نئے آئی ہیں یہ وزیر اعلی کی ٹیم کے طور پر کام کریں گے ۔ وزیراعظم نے صوبائی حکومت کو ہدایت کی کہ وہ مہنگائی کی وجوہات کے حقائق عوام کے سامنے لائیں، انکا کہنا تھا کہ مہنگائی سابقہ حکومتوں کی غلط پالیسیوں کے باعث ہوئی۔ عوام کو بتایا جائے کہ سابقہ حکومتوں نے ملک کو کیسے معاشی طور پر تباہ کیا۔