(شاہ رخ ندیم) انٹرنیشنل کسٹم ڈے کے موقع پر واہگہ بارڈر پر تقریب کا انعقاد ہوا، 6 ہزار شراب کی بوتلیں، منشیات اور زائد المیعاد اشیا تلف اور نذر آتش کر دی گئیں۔
پاکستان کسٹم کی جانب سے واہگہ بارڈر پر منعقدہ تقریب میں وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے خصوصی شرکت کی، بینڈ کی جانب سے مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی گئی۔ وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں امپورٹ ایکسپورٹ بہتر بنانے میں کسٹم کا اہم کردار ہے، ملک کو سمگلنگ فری بنانے کیلئے کسٹم میں ریفارمز کر رہے ہیں جبکہ کسٹم میں میرٹ پر نئی بھرتیاں بھی کریں گے۔
تقریب میں کسٹم کی جانب سے پکڑی جانے والی 6 ہزار سے زائد شراب کی بوتلیں، 27 ٹن چائے کی پتی، 500 بیگ گٹکا، سگریٹ کے 1 ہزار کارٹن اور دیگر زائد المیعاد اشیا نذر آتش کردی گئیں۔ تقریب میں بہتر امپورٹر، ایکسپورٹر اور محکمہ کے افسران کو شیلڈ اور سرٹیفکیٹ دئیے گئے۔