سٹی42: لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے آٹھویں میچ میں نوجوان افغان بیٹر ابراہیم زادران نے شاندار 177 رنز کی اننگز کھیل کر افغانستان کو انگلینڈ پر فتح ہی نہیں دلوائی بلکہ خود بھی بہت سے عظیم ریکارڈ ریکارڈ ایک ہی بار بنا ڈالے۔ زدران چیمپئینز ٹرافی کے آل ٹائم ٹاپ سکورر تو بنے ہی، اس کے ساتھ وہ آئی سی سی کے تمام ایونٹس میں ٹاپ سکوورز کی دوڑ میں سابق بھارتی کپتان کپل دیو سے آگے نکل گئے۔
23 سالہ افغان اوپنر ابراہیم زادران نے بانگلینڈ کے ساتھ میچ میں دباؤ میں کھیلتے ہوئے اپنی پونے دو سینچری ایسے بنائی کہ6 چھکے اور 12 چوکے اس میں شامل تھے۔ شاندار سنچری پر ہی بس نہیں کیا بلکہ 146 گیندوں پر 177 رنز بنا ڈالے۔
وہ تو انگلش سپنر لیونگ سٹون کے کئے ہوئے 50 ویں اوور میں اونچی شاٹ کھیلنے کے دوران کیچ آؤٹ ہو گئے، ورنہ شاید وہ ڈبل سینچری کے قریب بھی پہنچ جاتے اور سارو گنگولی کا ریکارڈ بھی روند ڈالتے۔
ایک اننگ، کتنے ریکارڈ!
ابراہیم زادران نے اس میچ میں کئی ریکارڈ قائم کیے، وہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں سنچری اسکور کرنے والے پہلے افغان بیٹر بن گئے ہیں، وہ افغانستان کی جانب سے ورلڈکپ میں بھی سنچری بنانے والے پہلے بیٹر ہیں۔
ابراہیم زادران ون ڈے کرکٹ میں افغانستان کی جانب سے سب سے بڑی انفرادی اننگز کھیلنے والے کھلاڑی بھی ہیں، انہوں نے 177 رنز بنا کر اپنا ہی 162 رنز کا ریکارڈ توڑا ہے۔
ابراہیم زادران 177 رنز کے ساتھ چیمپئنز ٹرافی کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ اسکور کرنے والے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں، ان سے قبل یہ اعزاز انگلش بیٹر بین ڈکٹ کے پاس تھا جنہوں نے اسی ایونٹ میں گزشتہ ہفتے آسٹریلیا کے خلاف کھیلتے ہوئے 166 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
ابراہیم زادران آئی سی سی ون ڈے ایونٹس میں بڑا اسکور بنانے والے ایشن بیٹرز میں لیجنڈ بھارتی بیٹر کپل دیو کو پیچھے چھوڑ کر دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ کپل دیو نے 1983 کے ورلڈکپ میں 175 رنز کی اننگز کھیلی تھی، اس فہرست میں پہلے نمبر پر سارووگنگولی ہیں جنہوں نے 1999 کے ورلڈ کپ میں سری لنکا کے خلاف 183 رنز بنائے تھے۔
اس کے علاوہ ابراہیم زادران ون ڈے کرکٹ کی کم ترین اننگز میں 6 سنچریاں بنانے والے بیٹرز کی فہرست میں بھی شامل ہوگئے ہیں۔
ابراہیم زادران نے صرف 35 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا ہے، وہ کوئنٹن ڈی کاک، ڈیرل مچل اور شبمن گل کے ساتھ اس فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔