خواتین، بچوں، اقلیتوں پر تشدد، ریپ، ہماری حکومت کی ریڈ لائن ہے، مریم نواز

26 Feb, 2024 | 07:37 PM

سٹی42: وزیر اعلی مریم نواز شریف کی صدارت میں امن و امان سے متعلق اجلاس،اعلی حکام کی جانب سے نومنتخب وزیر اعلی پنجاب کو صوبے میں امن وامان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ 

وزیر اعلی مریم نواز شریف نے ٹیکسلا میں بزرگ خاتون کو تھپڑ مارنے والے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہنا تھا کہ جب قانون نافذ کرنے والا ہی قانون توڑے گا تو قانون کی کون عزت کرے گا؟ خلاف قانون کوئی رویہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ 

  مریم نواز شریف  نے کہا کہ امن وامان لازم ہے لیکن شہریوں کی عزت، انہیں توہین سے بچانا بھی اتنا ہی ضروری ہے،قانون کے احترام کے ساتھ انسان اور شہری کا احترام یقینی بنائیں،سب قانون کا احترام کریں، اصلاحات، جدید آلات، ٹیکنالوجی اور تربیت سے پولیس کو عوامی خدمت فورس بنائیں گے۔انھوں نے مزید کہا کہ خواتین، بچوں، اقلیتوں پر تشدد، ریپ، ہماری حکومت کی ریڈ لائن ہے، رشوت خوری کے خلاف زیرو ٹالرنس اور میرٹ میری پالیسی ہے،اس پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوگا، قانون کے مطابق ایف آئی آر کا فوری اندراج، ڈیجیٹل اور آئی ٹی نظام کا استعمال مزید بہتر بنائیں گے اور پراسیکیوشن کے نظام کی خامیاں دور کریں گے۔

دوسری جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان نے صوبے میں امن و امان اور پولیس کی کارکردگی سے متعلق مریم نواز کو بریفننگ دی۔

اجلاس میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سمیت اعلی حکام نے شرکت کی۔ مریم نواز شریف محفوظ پنجاب سے متعلق اپنے وژن کی روشنی میں پالیسی ہدایات جاری کیں۔

وزیر اعلی مریم نواز شریف کی زیر صدارت آج مجموعی طور پر تین اجلاس منعقد ہوئے ۔رمضان پیکج، پرائس کنٹرول کمیٹی اور امن وامان سے متعلق تین الگ الگ اجلاس شیڈول میں شامل ہیں۔

مزیدخبریں