سٹی 42 : مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ آج پنجاب کی بہادر بیٹی خدمت کے سب سے بڑے منصب پر فائز ہونے جا رہی ہیں، اب مریم نواز خدمت کی روایات کو آگے بڑھائیں گی،مریم نواز صاحبہ میرٹ پر کام کریں گی، ان کو تمام طبقات کا تعاون حاصل رہے گا۔
پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پنجاب کی تاریخ ہزاروں سالوں پر محیط ہے، خدمت کی جو روایات نوازشریف نے بطور وزیراعلیٰ کے منصب پر رہتے قائم کیں، نواشریف کی روایات کو شہبازشریف نے آگے بڑھایا، اب مریم نواز خدمت کی روایات کو آگے بڑھائیں گی،پنجاب اسمبلی میں تاریخی لمحہ دیکھنے آئے ہیں، مریم نواز پنجاب کی منتخب وزیراعلیٰ ہوں گی۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ مریم نواز پنجاب میں سیاسی اور معاشی استحکام میں اپنا کردار ادا کریں گی، جب منتخب حکومت چارج سنبھالے گی تو فیصلے کرے گی، ضمنی الیکشن ان لوگوں کا بنیادی حق ہے جنہوں نے حلقوں میں محنت کی،پورے پاکستان کی سیاست میں بدتمیزی اور بدتہذیبی کا سلسلہ گزشتہ 4 سال سے جاری ہے، پاکستان سیاسی عدم استحکام کا شکار ہے، پاکستان کو سیاسی استحکام دینا بڑا چیلنج ہے، سیاسی استحکام سے ہی معاشی استحکام آئے گا۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ان کے اوپر 2018 میں دھاندلی کا الزام تھا، وہ کہتے تھے آئینی و قانون طریقہ کار اپنائیں، اب وہ بھی آئینی و قانونی طریقہ کار اپنائیں اور ریلیف لیں، میں پارٹی کے ساتھ ہوں، پارٹی جہاں چاہے گی میں حاضر ہوں،ہماری کوشش ہے کہ عوام کو مسائل سے باہر نکالیں۔