سٹی42: پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ سید محسن رضا نقوی نے اتوار کی شب مزار بی بی پاک دامن پر حاضری دی اور ملک و ملت کی سرافرازی کے لئے دعا کی۔ انہووں نے مزار کی توسیع کا پروجیکٹ مکمل ہونے کے حوالے سے رسمی افتتاحی کتبہ کی نقاب کشائی بھی کی۔ انہوں نے اس موقع پر پنجاب کے عوام سے اپنی انجانے میں سرزد ہوئی کوتاہیوں پر معافی طلب کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی بی بی پاکدامن مزار روڈ کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مزار بی بی پاکدامن روڈ مکمل ہونے پر پوری ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں۔
محسن نقوی نے کہا کہ مزار بی بی پاکدامن روڈ علاقے کے لئے بہت فائدہ مند ثابت ہوگی۔ مزار بی بی پاکدامن ایمپرس روڈسے منسلک ہوگیا ہے اس سے آمدورفت کے مسائل حل ہوں گے۔ محسن نقوی نے کہا کہ مزار بی بی پاکدامن روڈپر علیحدہ پارکنگ کی جگہ بھی بنائی ہیں،لوگ گاڑی کھڑی کر کے دربار جاسکتے ہیں۔
یاد رہے کہ لاہور کے قلب میں گنجان آباد علاقہ میں واقع دربار بی بی پاک دامن پر خاص دنوں کے دوران زائرین کا اس قدر رش ہوتا تھا کہ وہاں پہنچنے کے لئے لوگوں خصوصاً خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پرتا تھا اور ہجوم کے باعث کمزور افراد کو دم گھنٹنے اور پاؤں تلے کچلے جانے کا ہمیشہ ڈر رہتا تھا۔ اس علاقہ میں مزار اور راستوں کو کشادہ کرنا ایک مشکل کام تھا۔ محسن نقوی نے اس کام کا بیڑا اٹھانے کے بعد مسلسل وزٹ کر کے تمام کاموں کا بروقت مکمل ہونا ممکن بنایا۔ ان کی مساعی سے تمام مسائل جو کام کے دوران پیش آتے رہے وہ فوری طور پر حل ہوتے رہے اور یہ بظاہر بہت پیچیدہ کام خوش اسلوبی سے بروقت مکمل ہو گیا۔
مجھ سے انجانے میں کوئی بھول چوک ہوگئی ہو تو عوام سے معذرت خواہ ہوں
پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ سید محسن رضا نقوی نے اپنی 13 ماہ کی خدمت کے اختتام پر مزار بی بی پاک دامن پر حاضری کے بعد عوام سے اپنی انجانے میں سرزد ہوئی غلطیوں پر معافی طلب کی ہے۔ سید محسن رضا نقوی نے مزار بی بی پاکدامن پر کی توسیع کے پروجیکٹ کی تکمیل کے بعد اس کا رسمی افتتاح کیا اور اس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر مجھ سے انجانے میں کوئی بھول چوک ہوگئی ہو تو عوام سے معذرت خواہ ہوں۔ تمام سیکرٹریز نے نیک نیتی سے کام کیا ہے،پھر بھی کوئی غلطی ہوئی ہے تو عوام سے معذرت چاہتا ہوں۔ انشاء اللہ اگلی حکومت کافی کام کرے گی۔اللہ تعالیٰ ہمارے ملک اورہمارے صوبے کو مزید ترقی دے۔
پنجاب میں ٹیم یہی رہی تو بہت ترقی ممکن ہے
سید محسن رضا نقوی نے کہا کہ چیف سیکرٹری زاہد زمان اورمجاہد شیر دل نے 600ارب روپے کا قرض ادا کیا۔ 900ارب روپے سرپلس اور300ارب روپے ڈویلپمنٹ کیلئے چھوڑ کر جارہے ہیں۔یہ ٹیم کوئی عام ٹیم نہیں تھی،ٹیم نے بہت اچھا ڈلیور کیا،میں 10گھنٹے کام کرتا تھا تو ٹیم 16گھنٹے کام کرتی تھی۔اگر ٹیم یہی رہی تو بہت زیادہ ترقی ممکن ہے،کیونکہ ٹیم اچھی ہوتو ترقی کی جاسکتی ہے۔
اکاؤنٹ میں 900 ارب روپے سرپلس چھوڑ کر جا رہے ہیں
محسن نقوی نے بتایا کہ اس وقت پنجاب کے اکاؤنٹ میں سرپلس 900ارب روپے ہے،300ارب روپے ترقیاتی اور600ارب روپے کا قرضہ ادا کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ آج اچھرہ واقعہ میں جن پولیس افسران نے اچھاکردار ادا کیا ان کیلئے کیوپی ایم کی سفارش کی ہے جیسے ہی یہ واقعہ ہوا میں نے آئی جی صاحب کو فوراً فون کر کے ان کی پوری ٹیم کو شاباش دی جنہوں نے آج بڑا سانحہ ہونے سے بچایا۔
محسن نقوی نے کہا کہ صحافیوں کیلئے کچھ کرنا میرا فرض تھا،اگر نہ کرکے جاتا تو دل بوجھل رہتا۔
ایک سوال کے جواب میں محسن نقوی نے کہا کہ مریم نواز نے 13ماہ کی کارکردگی کو سراہا ہے۔ میں نے مریم نواز کو اپنی ناکامیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا ہے۔ ہم محکمہ تعلیم میں جتنا کام کرنا چاہیے تھا اتنا نہیں کرپائے۔
ماتحت افسروں کا شکریہ
محسن نقوی نے اپنے ماتحت افسروں کی پرفارمنس کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ چیف سیکرٹری،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،آئی جی سب نے محنت کی،سب نے اپنا حصہ ڈالا۔چیف سیکرٹری،آئی جی،سی سی پی او، چیئرمین پی اینڈ ڈی،تمام سیکرٹریزاورکابینہ ممبران کا شکریہ جنہوں نے 13ماہ ساتھ دیا۔سارے پرانے دوستوں نے ساتھ دیا۔ دعاؤں میں یا د رکھئیے گا آپ سب کا بہت شکریہ۔ ڈی جی پی آر کی ٹیم،محکمہ اطلاعات و ثقافت اوربیٹ رپورٹر ساتھ جڑے رہیں،کسی نے کوئی کمی نہیں چھوڑی سب کا شکریہ۔