ویب ڈیسک :پی ایس ایل (پاکستان سپر لیگ) کے آٹھویں ایڈیشن کے چودھویں میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو66رنز سے شکست دے دی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 3وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے جس کے جواب میں ملتان سلطانز کی پوری ٹیم 17ویں اوور میں صرف 101 رنز پر ہی آوٹ ہو گئی ۔
کراچی کنگز کی بیٹنگ کی بات کی جائے تو آج پی ایس ایل کا ڈیبیو کرنے والے طیب طاہر نے 46 گیندوں پر 65 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، اس کے علاوہ میتھیو ویڈ 46 اور جیمز ونس 27 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ملتان سلطانز کی جانب سے احسان اللہ نے 2 جب کہ انور علی نے ایک وکٹ لی۔
اس سے قبل ایچ بی ایل پی ایس ایل (پاکستان سپر لیگ) کے آٹھویں ایڈیشن کے چودھویں میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔
کراچی کے نیشنل بینک ارینا میں ہونے والے میچ میں سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیتا اور عماد وسیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ٹاس کے وقت گفتگو کرتے ہوئے کراچی کے کپتان عماد وسیم نے ٹیم مٰن ہونے والی تبدیلیوں سے متعلق بتایا کہ موسیٰ خان،طیب طاہر اورتبریز شمسی ٹیم میں شامل ہوئے ہیں۔
عماد نے بتایا کہ آج کے میچ کے لیے ٹیم سے عمران طاہر،حیدرعلی اور محمد عمر کو ٹیم سے ڈراپ کیا گیا ہے۔کپتان کراچی کنگز کا کہنا تھا کہ ہم اس پچ پر پہلے بیٹنگ کرناچاہتے تھے،ہوم پچ پر کھیلنے کا تجربہ ہے۔
دوسری جانب محمد رضوان کا کہنا تھا کہ پچ کا اندازہ نہیں اس لیےبولنگ کو ترجیح دی ہے، ٹیم میں دو تبدیلیاں کی ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی کنگز اور ملتان سلطانز نے ایونٹ میں اب تک 5،5میچز کھیلے ہیں جن میں سے کراچی کو صرف 1 جب کہ ملتان کو 4 میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت ملتان 8 پوائنٹس کے ساتھ سرِ فہرست ہے جب کہ کراچی 2 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔