پی ایس ایل 8، لاہور میں میچز کیلئے ٹریفک پلان جاری

26 Feb, 2023 | 12:49 PM

(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان سپر لیگ کے 8 ویں سیزن کے لاہور میں ہونے والے میچز کیلئے ٹریفک انتظامات مکمل کرکے پلان جاری کردیا گیا ۔

 سی ٹی او لاہور کیپٹن (ر) مستنصر فیروز کے مطابق مجموعی طور پر 1 ہزار سے زائد ٹریفک اہلکار مختلف روٹس پر ڈیوٹی دیں گے جبکہ روٹس اور اسٹیڈیم سے ملحقہ روڈز پر 20 فورک لفٹرز اور 3 بریک ڈاؤنز بھی تعینات کیے گئے ہیں۔

 شائقین کرکٹ گورنمنٹ کالج گلبرگ، لبرٹی پارکنگ اور ایل ڈی اے پلازہ میں گاڑیاں پارک کرسکیں گے۔ہوٹل سے قذافی اسٹیڈیم اور اسٹیڈیم سے ہوٹل تک ٹریفک کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں اور ٹیموں کی آمد و روانگی پر روڈز کو کم سے کم وقت کیلئے بند کیا جائے گا۔

 سی ٹی او کے مطابق کھلاڑیوں کی موومنٹ ختم ہوتے ہی تمام راستے ٹریفک کیلئے کھول دیے جائیں گے، کسی بھی روڈ کو مستقل طور پر بند نہیں رکھا جائے گا, مال روڈ، جیل روڈ اور کینال پر ٹیموں کی آمدو روانگی کے علاوہ ٹریفک معمول کے مطابق چلتی رہے گی, اسی طرح فیروز پور روڈ اور مین بلیوارڈ گلبرگ روڈ پر بھی ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہوگی۔ 

 ان تمام انتطامات کے حوالے سے ٹریفک ایڈوائزری پلان بھی جاری کیا جا چکا ہے جس کے مطابق مال روڈ، جیل روڈ اور کینال روڈ سے آنے والے شائقین کرکٹ فیروزپور روڈ سے گیٹ گورنمنٹ کالج فار بوائز میں پارکنگ کرسکتے ہیں۔ 

 اسی طرح ٹھوکر نیاز بیگ سے آنے والے شائقین کرکٹ کیمپس پل برکت مارکیٹ اور کلمہ انڈرپاس سے گورنمنٹ کالج فار بوائز میں پارکنگ کرسکیں گے۔ کینٹ، ڈیفنس، کیولری سے آنے والے شائقین فردوس مارکیٹ سے حسین چوک، لبرٹی پارکنگ اور سن فورٹ ہوٹل پارکنگ میں پارک کرسکتے ہیں جبکہ قصور، کاہنہ اور ماڈل ٹاؤن سے آنے والے شائقین فیروزپور مین گیٹ اور سینٹرل پارک کے ساتھ ساتھ گورنمنٹ کالج میں پارکنگ کرسکیں گے۔

 پیدل آنے والے شائقین فیفا گیٹ، لبرٹی اور گورنمنٹ کالج سے اسٹیڈیم میں داخل ہوسکیں گے۔اس کے ساتھ ساتھ راستہ ایپ اور راستہ ایف ایم 88.6 کے ذریعے شہریوں کو ہر طرح کی صورت حال سے آگاہ رکھا جائے گا۔

مزیدخبریں