( سٹی42) دو روزہ تربیتی ورکشاپ بعنوان " ہائبرڈ وارفیئر، چیلنجز اینڈ وے فارورڈ"ایوان اقبال میں اختتام پذیر ہو گئی ،ورکشاپ میں چیلنجز سے نمٹنے کیلئے علم اور تحقیق کے ذریعے استعداد کار بڑھانے کا پیغام دیا گیا۔
ورکشاپ کا اہتمام پریس انفارمیشن سینٹر نے کیا تھا، جبکہ وزیراعظم کے سابق معاون خصوصی اور پیس اینڈ ڈویلپمنٹ یونٹ پاکستان کی وزارت منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات کے بانی ڈائریکٹر حسین ندیم، بیکن ہاؤس نیشنل یونیورسٹی ذیشان ضیغم، سینئر صحافیوں منصور علی خان، دلاور چودھری، سلمان غنی، ارشاد عارف اور سجاد میر نے خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ غیر اعلانیہ 'ہائبرڈ جنگ' تقریباً تمام قومیں لڑ رہی ہیں، لیکن ہمارا معاشرہ اپنے جذباتی وابستگیوں کی وجہ سے بار بار متحرک ہو رہا ہے اور لوگ آنکھیں بند کر کے غیر تصدیق شدہ پوسٹس، جعلی خبروں اور رجحانات پر عمل پیرا ہیں۔ ورکشاپ کے دوران سوال جواب کا سیشن بھی ہوا جبکہ مختلف میڈیا گروپس کے 40 سے زائد صحافیوں نے شرکت کی۔ آخر میں ڈی جی نے شرکاء میں اسناد تقسیم کیں۔