ویب ڈیسک : روس کے صدر پیوٹن نے یوکرینی صدر کی مذاکرات کی پیشکش قبول کرلی، منسک میں مذاکرات ہوں گے، روس کا اعلان۔ یوکرائن نے وارسا میں مذاکرت کی تجویز پیش کردی۔
روسی صدارتی محل کرملین کے مطابق یوکرینی صدر کے بیان پر روسی صدر پیوٹن مذاکرات کیلئے رضامندہوگئے ہیں جس کے بعد یوکرین کو منسک میں مذاکرات کرنے کی تجویز سےآگاہ کردیا، تاہم یوکرین نے منسک کی بجائے وارسا میں مذاکرات کی تجویز پیش کی ہے۔
یوکرین کے صد نے ویڈیو پیغام میں روسی صدر پیوٹن کے ساتھ براہ راست بات چیت پر رضامندی ظاہرکی تھی اور نیٹو کی رکنیت کے حوالے سے غیرجانبدار رہنے کی پیشکش کی تھی۔
دوسری طرف امریکا، برطانیہ ،کینیڈا نے روس پر مالی پابندیاں عائد کردی ہیں، روسی صدر پیوٹن اور وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے اکاؤنٹس اثاثے منجمد اور ان پر پابندیاں عائد کر دی گئیں، غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق برطانیہ نے روسی صدر پیوٹن اور وزیرخارجہ سرگئی لاوروف کے اثاثے منجمد کر دیئے،یورپی یونین نے صدرپیوٹن اور وزیرخارجہ سرگئی لاوروف کے اثاثے منجمد کرنے پر اتفاق کرلیا۔روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے بعد یوکرین کے دارالحکومت کیف سمیت مختلف شہروں میں جنگی طیاروں کے حملے، ٹینکوں کی گولا باری کا سلسلہ جاری ہے۔
یوکرائن پر روسی حملے کے نتیجے میں پچاس لاکھ افراد ملک سے مہاجرت پر مجبور ہو سکتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کے مطابق یوکرائن کے متعدد علاقوں میں فیول، نقد رقوم، ادویات اور روزمرہ کی اشیائے ضروریات کی قلت پیدا پو چکی ہے، جس کی وجہ سے ایک لاکھ افراد داخلی سطح پر بے گھر ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں شہری ہمسایہ ممالک فرار ہونے پر بھی مجبور ہو چکے ہیں۔
جرمن چانسلر اولاف شولس آئندہ پیر کو فرانس کا دورہ کریں گے۔ چانسلر دفتر کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ شولس پیرس میں فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں اور یورپی کونسل کی سربراہ اورزولا فان ڈیرلاین سے ملاقاتیں کریں گے۔