(سٹی42) لاہور کے موسم میں گرمی کا احساس بڑھنے لگا،دن کے وقت سورج کے جلووں نے سردی کو لمبی چھٹی پر بھیج دیا۔ لاہور میں آج مطلع ابرآلود رہے گا، سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی دیکھنے میں آئی گی۔
تفصیلات کے مطابق باغوں کے شہر میں صبح سویرے چھائے بادلوں نے موسم خوشگوار بنا دیا، لاہور کا موسم تبدیل ہونے لگا، سردی ختم جبکہ گرمی کی آمد آمد ہے،دوپہر کے وقت سورج اپنی آب و تاب سے چمکنے لگا تاہم ابھی تپش محسوس کرانے والی گرمی نہیں آئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔رات کے بعد ہلکی ٹھنڈی ہوا چلنے کی امید ظاہر کی گئی ہے۔آج شہر میں درجہ حرارت کم سے کم 15 جبکہ زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے تاہم بارش کے فی الوقت کوئی امکان نہیں۔
لاہور میں صبح سویرے بادلوں کے ڈیرے جس کی وجہ سے شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا،اسی طرح دن بھر سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی بھی جاری رہے گی جبکہ فضا میں آلودگی کم نہیں ہوسکی آج لاہور کا ایئرکوالٹی انڈیکس 163 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب آج اسلام آباد میں مطلع ابر آلود اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، پنجاب کے بیشتر علاقوں میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا،خطۂ پوٹھوہار اور میانوالی میں آج گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے،دیر، چترال، کوہستان، مالاکنڈ، مردان، بونیر، سوات، ہری پور، ایبٹ آباد، مانسہرہ پشاور، کرم، بنوں اور وزیرستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج مطلع ابرآلود رہنے کی توقع ہے، سندھ ،بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا، کوئٹہ، ژوب، چمن، پشین گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی توقع ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود رہنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع بھی ہے۔