محنت کش طبقے کے لئے بڑی خوشخبری

26 Feb, 2021 | 10:01 AM

Imran Fayyaz

(قیصر کھوکھر)بزدار حکومت کے ویژن کے مطابق محکمہ معدنیات پنجاب کا ریاست مدینہ کی جانب ایک اور اہم قدم،دوران کان کنی معذوری کا شکار ہونے والے مزدورں کی بحالی کے منصوبے بارے سفارشات طلب کر لی گئیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سیکرٹری معدنیات پنجاب عامر اعجاز کی ہدایت پر ایڈیشنل سیکرٹری سمیعہ سلیم نے تمام سٹیک ہولڈرز پر مبنی اہم اجلاس کی صدارت کی ۔اجلاس میں مائنز لیبر ویلفیر کمشنر چودھری ریاض, مائنز ورکرز ایسوسی ایشن کے قائد آر اے سعید خٹک سمیت متعلقہ این جی اوز کے نمانندگان نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ایڈیشنل سیکرٹری سمیعہ سلیم نے واضح کیا کہ معذور کان کنوں کو کار آمد شہری بنانے کا طریقہ کار وضع کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔معذور کان کنوں کی نفسیاتی, جسمانی اور معاشی طور پر بحالی ہمارا فرض ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشکل کی گھڑی میں اپنے مزدور بھا ئیوں کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ معذور کان کنوں کو معاشی دھارے میں لانے کے لیے چھوٹے قرضوں کی فراہمی سمیت جامع منصوبہ جلد از جلد تیار کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

 واضح رہے کہ پنجاب معدنیات کی دولت سے مالا مال ہے زمین میں چھپے خزانوں کو استعمال میں لاکر کمزور طبقات کی زندگیوں میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے زیر زمین معدنیات کے درست تخمینہ لگانے اور ریسورس میپنگ کی ضرورت ہے جبکہ دستیاب معدنیات کے ذخائر سے بھرپور استفادہ کرنے کیلئے موثر حکمت عملی بنانا بھی ناگزیر ہے۔کمزور طبقات کیلئے آسانیاں پیدا کرنے ،غریب کا استحصال کرنے والے ہر مافیا کو ناکام بنا نا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ غریب آدمی کو اپنی چھت کی سہولت دینے کے لئے سیمنٹ، اینٹ، بجری اور ریت کی قیمتوں پر نظر رکھنا ہوگی ۔

مزیدخبریں