رینٹ اے کار کی آڑ میں بڑا فراڈ، 300 سے زائد گاڑیاں غائب

26 Feb, 2020 | 08:59 PM

M .SAJID .KHAN

(عرفان ملک) جوہر ٹاؤن میں گاڑیوں کو کرائے پر حاصل کرنے کے بعد فراڈ کا معاملہ،لاہور پولیس نے کیس کو نیب کے سپرد کر دیا.

پولیس کے مطابق جوہر ٹاؤن میں رینٹ اے کار کے ایک دفتر میں شہریوں سے گاڑیاں منافع دینے کے لیے حاصل کی جاتی تھیں، جس کے بعد کچھ عرصہ تک گاڑیوں کے مالکان کو پیسے بھی دیئے گئے، تاہم اچانک رینٹ اے کار کا مالک فرار ہو گیا اور شہریوں کی تین سو سے زائد گاڑیوں کا کوئی سراغ نہ لگ سکا، جس کے بعد متاثرین نے احتجاج بھی کیا.

تاہم پولیس نے دو مقدمات درج کیے اور جب زیادہ لوگوں نے تھانے کا رخ کیا تو پولیس نے کیس کو نیب کے سپرد کر دیا، ایس پی صدر سید غضنفر کا کہنا تھا کہ نیب قوانین کے مطابق عوام الناس کے ساتھ ہونے والے فراڈ کی تحقیقات نیب کرسکتی ہے، لہذا اب اس کیس کی تفشیش نیب کے سپرد کردی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ چوہنگ میں بھی ایسا واقعہ پیش آیا تھا، حافظ رینٹ اے کار کے مالک مدثر اور مزمل نامی دو بھائیوں نے شہریوں کو گاڑیوں کے عوض ماہانہ چالیس سے پچاس ہزار دینے کا لالچ دیکر تین سو پچاس سے زائد گاڑیاں لیں اور خود غائب ہو گئےتھے۔

متاثرین نے پولیس کو شکایات کیں مگر پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی،جس پرمظاہرین نے حافظ رینٹ اے کار کے خلاف کارروائی نہ کرنے پر چوہنگ پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی، مظاہرین کا کہنا تھا کہ 25 کروڑ مالیت کی 350 سے زائد گاڑیاں رینٹ اے کار کے نام پر لی گئیں۔

مزیدخبریں