بھارت کیخلاف حکومت و اپوزیشن متحد، اقوام متحدہ سے اہم مطالبہ کردیا

26 Feb, 2019 | 01:41 PM

Sughra Afzal

(سٹی 42) سیاسی اختلاف اپنی جگہ، بھارت کیخلاف حکومت اور اپوزیشن جماعتیں متحد ہوگئیں، اقوام متحدہ سے بھارت کی دراندازی پر نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا ۔

 وزیر  اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار،گورنر پنجاب چودھری محمد سرور، وزیر قانون محمد بشارت راجہ،صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان، مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف، لیگی رہنما خواجہ سلمان رفیق، پیپلز پارٹی کے رہنما بابر اعوان نے بھارت کی لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی اور پاکستان میں دراندازی کی کوششوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ انڈیا کے مذموم مقاصد کو انشااللہ خاک میں ملا دیں گے۔ ‏پاکستانی قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، ملک کے چپے چپے کے دفاع کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

پاکستانی شاہینوں نے دشمن کو ہمیشہ کی طرح منہ توڑ جواب دیا

گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ اقوام متحدہ کو بھارتی دراندازی کی کوششوں کا نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی شاہینوں نے دشمن کو ہمیشہ کی طرح منہ توڑ جواب دیا۔ ملکی دفاع کیلئے پوری قوم افواج پاکستان اور حکومت کیساتھ ہے۔

جنگ کا جنون بھارتی عوام کو لے ڈوبے گا

صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ بھارتیوں کا بھاگنا طنزو مزاح کا نشانہ بن گیا، پاک فضائیہ کے خوف سے بھاگنے والے بھارتی بزدل ہیں، پاکستان ایٹمی طاقت اور میزائل ٹیکنالوجی کا حامل ملک ہے، بھارت کسی غلط فہمی کا شکار نہ ہو، جنگ کا جنون بھارتی عوام کو لے ڈوبے گا۔

بھارت نے جنگ شروع کی تو نئی دہلی پر پاکستان کا پرچم لہرائے گا

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ نریندر مودی خاکروبوں کے پاؤں دھونے سے بڑا اور عظیم کام جنوبی ایشیاء کے بے گناہ انسانوں اور غریبوں کو جنگ کی بھٹی میں نہ دھکیل کر کر سکتے ہیں، ایک طرف وہ غریبوں کے پاؤں دھو رہے ہیں تو دوسری طرف بے گناہ نہتے کشمیریوں اور دیگر مسلمانوں کا خون بہا رہے ہیں۔

 شہباز شریف نے کہا کہ بھارت ہوش کے ناخن لے، خطے کے امن کو تباہ نہ کرے، پاکستان کی امن پسندی کو کمزوری سمجھنا بھارت کی سنگین غلطی ثابت ہوگی، بھارت نے جنگ شروع کی تو نئی دہلی پر پاکستان کا پرچم لہرائے گا۔

وزیر اعظم بھارتی جارحیت کے خلاف آل پارٹیز کانفرنس بلائیں

خواجہ سلمان رفیق نے پنجاب اسمبلی میں سٹی 42 سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلافات اپنی جگہ پر بھارتی جارحیت کے خلاف سب متحد ہیں، وزیراعظم آگے بڑھیں اور تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو اعتماد میں لیں۔

 انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم بھارتی جارحیت کے خلاف لائحہ عمل کی تیاری کیلئے آل پارٹیز کانفرنس بلائیں۔ بھارتی جارحیت کے خلاف سب کی ایک آواز سامنے آنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب متحد ہو کر ہی دشمن کا مقابلہ بہتر انداز میں کرسکتے ہیں۔

مودی کی سیاسی ارتھی خود جلنے والی ہے

پیپلز پارٹی کے رہنما بابراعوان نے بھارتی فضائیہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مودی کی ساری سازش الیکشن جیتنے کیلئے ہے، پاکستان کے عوام ایسی حرکات سے ڈرنے والی نہیں، مودی کی سیاسی ارتھی خود جلنے والی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ شب بھارتی طیاروں نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی تھی تاہم پاکستانی شاہینوں کی پروازبلند ہوتے ہی بھارتی طیاروں نے حسبِ روایت بھاگنے میں ہی عافیت سمجھی۔

مزیدخبریں