اقبال ٹاؤن، آگ نے 5 بچوں کے سر سے والدین کا سایہ چھین لیا

26 Feb, 2019 | 11:40 AM

Sughra Afzal

(ندیم خالد) لاہور میں آتشزدگی نے ایک اور ہنستا بستا گھر اُجاڑ دیا، اقبال ٹاؤن کے ایک گھر میں آگ لگنے سے میاں بیوی جاں بحق ہوگئے۔

 ذرائع کے مطابق اقبال ٹاؤن میں واقع ایک گھر میں اچانک آگ بھڑک اُٹھی۔ آگ لگنے سے کمرے میں سوئے میاں بیوی دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے، آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیوں نے موقع پر پہنچ کر آپریشن شروع کیا اور فائر فائٹر نے کچھ ہی گھنٹوں کی کوشش کے بعد آگ پر قابوپا لیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق ہونیوالوں میں 35 سالہ منظور اور 32 سالہ نازیہ شامل ہیں، دونوں کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ متوفی منظور کی چار بیٹیاں اور ایک بیٹا ہے۔ خوش قسمتی سےبچے دوسرے کمرے میں ہونے کے باعث بچ گئے۔

لواحقین نے بتایاکہ مرنے والے دونوں میاں بیوی آج ہی اسی کرائے کے گھر میں شفٹ ہوئے تھے، دونوں لوگوں کے گھروں میں کام کر کے گزر بسر کرتے تھے۔

دوسری جانب کمسن بچوں کی نظریں رات بھر ہمیشہ کیلئے بچھڑنے والے والدین کی راہ دیکھتی رہیں،متاثرہ بچوں کا کہنا تھاکہ وہ سب صرف تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں، حکومت سے اپیل ہے کہ اِن کی مدد کرے۔

مزیدخبریں