ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

شہید بی بی ہر بچے کو تعلیم اور خواتین کو ترقی کرتا دیکھنا چاہتی تھیں : صدر آصف علی زرداری

شہید بی بی ہر بچے کو تعلیم اور خواتین کو ترقی کرتا دیکھنا چاہتی تھیں : صدر آصف علی زرداری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کہا آج ہم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے 17ویں یومِ شہادت پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔آپ کی شخصیت  امید، استقامت ، جمہوریت اور انصاف  کے اصولوں سے غیر متزلزل وابستگی کا مجسمہ تھی۔  شہید بی بی ہم سب کیلئے مشعل ِ راہ  تھیں۔

 صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا انہوں نے ایک ایسے پاکستان کا خواب دیکھا جہاں رنگ، طبقے اور مسلک سے بالاتر ہو کر تمام شہریوں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا اور عوام کی طاقت راج کرے گی۔محترمہ بے نظیر بھٹو نے کہا تھا کہ ’’جمہوریت بہترین انتقام ہے‘‘۔ یہ الفاظ استبداد اور آمریت کا منہ توڑ جواب ہی نہ تھے بلکہ عوامی طاقت پر اُن کے گہرے اعتماد کے عکاس  بھی تھے۔ شہید بے نظیر بھٹو ایک ایسے پاکستان کی خواہاں تھی جہاں ہر بچے کو  تعلیم تک رسائی حاصل ہو ، جہاں خواتین برابری کی بنیاد پر ترقی کر سکیں اور جہاں انصاف ایک آسائش نہیں بلکہ حق ہو۔ انہوں نے اپنی تمام زندگی معاشرے کے پسے ہوئے طبقات اور خواتین کی خودمختاری کیلئے آواز بلند کرنے اور کام کرنے میں صرف کی۔

شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی زندگی بے پناہ جراٴت کا سفر اور ہمارے لیے تحریک اور ہمت کا باعث تھی۔ مشکلات اور ظلم و ستم کے باوجود وہ جمہوریت کی بحالی اور استحکام اور عوام کے سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق کے تحفظ کے لیے آمریتوں کے خلاف ڈٹی رہیں۔ شہید بے نظیر نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ "ناانصافی اور ظلم کے خلاف جنگ میری زندگی کی جنگ ہے۔" اس مقصد کے لیے وہ زندگی بھر لڑی اور شہادت پائی   اور آج بھی لاکھوں لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔ شہید بی بی کا پختہ یقین تھا کہ  "ایک  انسان کو قید کیا جاسکتا ہے مگر ایک نظریے کو نہیں۔ ایک انسان کو جلاوطن کیا جا سکتا ہے  مگر ایک نظریے کو نہیں۔ ایک انسان کو قتل کیا جا سکتا ہے مگر ایک نظریے کو نہیں"۔

بطور صدر ِپاکستان، میں شہید بے نظیر بھٹو کے ایک پرامن، ترقی پسند اور جمہوری پاکستان کے وژن کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں۔ شہید بی بی کا نظریہ آج بھی زندہ ہے  اور  ہمیں ایک متحد ، ہمہ گیر اور انصاف پر مبنی پاکستان  کی تعمیر کیلئے اختلافات سے بالاتر ہو کر کام کرنے کا درس دیتا ہے۔ لہٰذا، آئیے ہم محترمہ بے نظیر بھٹو کا نہ صرف یومِ شہاد ت منائیں بلکہ ان کی پائیدار میراث کی پیروی کرنے کا عہد کریں۔

شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور ہمارے خاندان نے جمہوریت اور پاکستان کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ یہ میرا پختہ یقین ہے کہ ہمیں بحیثیت قوم ملک کو موجودہ چیلنجز سے نکالنے کے لیے ان کے وژن سے سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ آئیے ، شہید بے نظیر بھٹو کے ایک پرامن، ترقی پسند اور جمہوری پاکستان کے خواب کی تکمیل کیلئے مل کر کام کریں ۔شہید بے نظیر بھٹو کی میراث ابدی ہے، اُن کی ہمت بے مثال ہے اور اُن کا وژن ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ پاکستان کھپے!