سٹی 42 : صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیرداخلہ محسن نقوی نے خیبر پختونخوا میں مختلف آپریشنز کے دوران 13 خوارج جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین اور ایک آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنیوالے میجر محمد اویس شہید کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے خیبر پختونخوا میں مختلف آپریشنز کے دوران 13 خوارج جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا، صدر مملکت نے کامیاب کاروائیوں کے دوران 13 خوارج ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا۔ انہوں نے شمالی وزیرستان دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے پر میجر محمد اویس شہید کو خراج عقیدت پیش کیا ۔
صدر مملکت نے میجر محمد اویس شہید کی بہادری اور جذبہ حب الوطنی کو سراہا، انہوں نے میجر محمد اویس شہید کے ورثاء سے اظہار تعزیت کیا، اور شہید کے لیے بلندی درجات، اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ۔
صدر مملکت نے ملک سے فتنۃ الخوارج کے مکمل خاتمے تک کاروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا، کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی فورسز کے ساتھ ہے، دہشت گردی کی لعنت کے مکمل خاتمے تک کاروائیاں جاری رکھیں گے ۔
وزیراعظم شہباز شریف کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بنوں, شمالی وزیرستان اور جنوبی وزیرستان میں خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کاروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ وزیراعظم نے ان کاروائیوں میں 13 خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پزیرائی کی۔
شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے میجر محمد اویس کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم نے شہید میجر اویس کی بلندی درجات کی دعاء اور ان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم شہید میجر اویس کو سلام پیش کرتی ہے، ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پر عزم ہیں ۔
محسن نقوی کا میجر محمد اویس کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان کے علاقے میں خوارجی دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے میجر محمد اویس کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔ محسن نقوی نے کہا کہ شہید میجر محمد اویس نے وطن کے امن کی خاطر اپنی جان قربان کی، شہید میجر محمد اویس کی بہادری پر فخر ہے، قوم کا بہادر سپوت وطن پر قربان ہو کر ہمیشہ کے لیے امر ہو گیا، میجر محمد اویس نے بہادری سے خوارجی دہشتگردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے شہادت کا بلند رتبہ پایا، شہید میجر محمد اویس کی عظیم قربانی کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید میجر محمد اویس کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہید سکیورٹی فورسز کے افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید میجر محمد اویس کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان میں 13 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کی تحسین کیا، کہا کہ 13 خوارجی دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، سکیورٹی فورسز نے خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔