ویب ڈیسک : بھارت کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ویرات کوہلی کو آسٹریلوی اوپنر سیم کونسٹاس سے الجھنے پر جرمانہ عائد کردیا گیا ۔
آئی سی سی نے ویرات کوہلی کو میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ کر دیا ہے، اس کے علاوہ ویرات کوہلی کو ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ باکسنگ ڈے ٹیسٹ کےپہلے دن بھارت کے خلاف ٹیسٹ ڈبیو کرنے والے 19 سالہ آسٹریلوی اوپنر سیم کونسٹاس نے بھارتی بولر جسپریت بمرا کی گیند پر غیر معمولی شاٹس کھیلے، جس کے بعد ویرات کوہلی نے نوجوان سیم کونسٹاس پر جملے کسنا شروع کردیئے، کوہلی نے نہ صرف تلخ جملے کسے بلکہ پچ پر سیم کونسٹاس سے جان بوجھ کر ٹکرائے۔
لائیو میچ کے دوران ویرات کوہلی کی آسٹریلوی بیٹر سے الجھنے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو گئی تھی، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ویرات کوہلی پر تنقید اور ان کی اس حرکت کو ناپسند کیا گیا ۔
آئی سی سی نے بھی فوری ایکشن لیتے ہوئے ویرات کوہلی کو میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ کر دیا۔