اویس کیانی: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہریوں کی سہولت کے لیے ایک اور اہم قدم اٹھاتے ہوئے اسلام آباد میں اسٹیٹ آف دی آرٹ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ہیڈکوارٹرز کی عمارت اور اسلام آباد ریجنل پاسپورٹ آفس کا افتتاح کردیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد ریجنل پاسپورٹ آفس اب 24 گھنٹے کھلا رہے گا تاکہ شہریوں کو پاسپورٹ کے حصول میں آسانی ہو۔
محسن نقوی نے مزید بتایا کہ ملک بھر میں 14 شہروں میں نادرا کے 24/7 میگا سنٹرز قائم ہیں جہاں شہریوں کو کسی بھی وقت پاسپورٹ بنانے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ کراچی اور لاہور میں پاسپورٹ کے ماڈل سنٹرز بھی قائم کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو بہترین سروس فراہم کی جا سکے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان بھر میں پاسپورٹس کا بیگ لاک مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے، اور اب شہریوں کو مقررہ وقت میں پاسپورٹ ملیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پہلے پاسپورٹس کے لیے 6 ماہ تک کا انتظار کرنا پڑتا تھا، مگر اب اس عمل میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
محسن نقوی نے پاسپورٹ اور نادرا سنٹرز کے دورے کے دوران لوگوں کی طرف سے اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ وہاں کا ماحول اب پہلے سے کہیں بہتر ہے، رش کم ہو چکا ہے اور شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں ہو رہا۔
انہوں نے ایف آئی اے کی طرف سے پاسپورٹ آفس کے باہر ایجنٹ مافیا کے خلاف کارروائی کی بھی تعریف کی اور پاسپورٹ آفس کے عملے کی بہترین کارکردگی پر خراج تحسین پیش کیا۔وزیر داخلہ نے اپنے ویژن کے مطابق پاسپورٹ آفس کی سروسز میں بہتری لانے کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ڈی جی پاسپورٹس مصطفی جمال قاضی کی کاوشوں کی بھی تعریف کی۔
افتتاحی تقریب میں چئیرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر، رفعت مختار راجہ، ایوب چودھری، چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا، آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی اور دیگر متعلقہ حکام بھی شریک تھے۔ وزیر داخلہ نے پاسپورٹ پروڈکشن میں بہترین کارکردگی دکھانے والے سٹاف کو اعزازی شیلڈز اور نقد انعامات بھی دیے۔