وسیم احمد: جنوبی افریقا نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔
پاکستان کی جانب سے شان مسعود اور صائم ایوب نے اننگ کا آغاز کیا جس کے بعد 14.1 اوورز میں 36 کے مجموعی اسکور پر شان مسعود 17 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
اگلے اوور میں پاکستان کی دوسری وکٹ 40 رنز پر گر گئی، اس مرتبہ صائم ایوب 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی تیسری وکٹ 41 اور چوتھی وکٹ 56 رنز پر گری۔ بابر اعظم 4 اور سعود شکیل 14 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
اس سے قبل سنچورین کے سپر اسپورٹس پارک میں ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے جنوبی افریقی کپتان ٹیمبا باوما نے کہا کہ ہم اس سیریز کو جیتنے پر فوکس کر رہے ہیں۔
اس موقع پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ کنڈیشنز سیمرز کے لیے فائدہ مند ہوں گی، ہم اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے پُرجوش ہیں۔
پاکستان ٹیم
پہلے ٹیسٹ کے لیے قومی ٹیم کپتان شان مسعود، صائم ایوب، بابر اعظم، کامران غلام، محمد رضوان، سعود شکیل، سلمان آغا، عامر جمال، نسیم شاہ، خرم شہزاد اور محمد عباس پر مشتمل ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورۂ جنوبی افریقا کا آغاز ٹی ٹوئنٹی سیریز سے ہوا تھا جس کے بعد ون ڈے سیریز بھی کھیلی گئی تھی۔قومی ٹیم کو 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں 0-2 سے شکست ہوئی تھی جبکہ ون ڈے سیریز کے تینوں میچز پاکستان ٹیم نے جیتے تھے۔